اسلام آباد //پاکستان نے’’آرمی چیف کے بیان کوایٹمی جنگ کی دعوت‘‘سے تعبیرکرتے ہوئے کہاہے کہ انتہائی غیر ذمہ دارانہ بیان دیناجنرل راوت کو زیب نہیں دیتا۔پاکستان کے وزیرخارجہ خواجہ آصف نے سخت ردعمل ظاہرکرتے ہوئے کہا’’ بھارت ہمارے عزم کو آزمالے تو بھارتی جنرل کا شک دور کر دیا جائے گا۔پاکستان کے وزیرداخلہ احسن اقبال نے کہاکہ بھارت ایک غیر ذمہ دار جوہری ہتھیار کا حامل ملک ہے جس کی جوہری امداد بند ہونی چاہیے۔ آرمی چیف جنرل بپن راوت کے اس بیان ’پاکستان کی جوہری صلاحیت ایک فریب ہے،اوریہ کہ اگر ہمیں واقعی پاکستانیوں کا سامنا کرنا پڑا اور ہمیں یہ ٹاسک دیا گیا تو ہمیں یہ نہیں کہیں گے کہ چونکہ پاکستان کے پاس جوہری ہتھیار ہیں اس لئے ہم سرحد پار نہیں کر سکتے‘پرپاکستان نے سخت ردعمل ظاہرکیاہے ۔پاکستان کے وزیرخارجہ خواجہ آصف نے آرمی چیف جنرل راوت کے بیان پرسخت ردعمل ظاہرکیاہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق خواجہ آصف نے ٹوئٹ کیا کہ بھارتی آرمی چیف نے انتہائی غیر ذمہ دارانہ بیان دیا جو ان کے عہدے کو زیب نہیں دیتا، تاہم بقول خواجہ آصف اگر بھارت کی خواہش ہے تو ہمارے عزم کو آزمالے، انشاء اللہ بھارتی جنرل کا شک دور کر دیا جائے گا۔اس دوران پاکستان کے وزیرداخلہ احسن اقبال نے واضح کیا کہ بھارتی آرمی چیف کا پاکستان مخالف بیان غیر ذمہ دارانہ ہے جس سے ثابت ہوگیا کہ بھارت ایک غیر ذمہ دارانہ جوہری ہتھیار کا حامل ملک ہے جس کی جوہری امداد بند ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے آرمی چیف اور امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان مخالف بیان سے واضح ہوتا ہے کہ خارجی سطح پر دباؤ ڈالا جارہا ہے اور اس کے سدباب کیلئے ہمیں داخلی سطح پر متحد ہونے کی اشد ضرورت ہے۔احسن اقبال نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ آرمی چیف کا بیان دھمکی نہیں بلکہ انہوں نے ایک غیر ذمہ دارانہ بیان دیا ہے۔