روم/گزشتہ چمپئن اسپین کے رافیل نڈال نے عالمی نمبر ایک کھلاڑی سربیا کے نوواک جوکووچ کو دلچسپ فائنل مقابلے میں 6-0، 4-6، 6-1 سے شکست دے کر کیریئر میں نویں بار اٹالین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا خطاب اپنے نام کر لیا ہے ۔ نڈال کا یہ روم میں ریکارڈ نواں ٹائٹل ہے جبکہ اوورآل 34 واں ماسٹرز خطاب ہے ۔ یہ پہلا موقع تھا جب دونوں کھلاڑیوں کے درمیان پہلا سیٹ 6-0 پر ختم ہوا جسے ہسپانوی کھلاڑی نے جیت لیا۔ اگرچہ دوسرے سیٹ میں جوکووچ نے زبردست واپسی کی اور نڈال کی سروس بریک کرتے ہوئے اسکور 5-4 پھنچا دیا۔ سربیا کھلاڑی نے پھر 6-4 سے سیٹ جیتا اور مقابلہ 1-1 کی برابری پر آ گیا۔ دنیا کے دوسرے نمبر کے کھلاڑی نے لیکن واپسی کی اور فیصلہ کن سیٹ جیت کر خطاب اپنے نام کر لیا۔ اگرچہ تیسرے سیٹ میں جوکووچ نے بہت جدوجہد نہیں کی اور اپنی سروس گنوا دی، وہ اس سے اتنے ناراض نظر آئے کی اپنا ریکیٹ زمین پر پٹخ کر توڑ دیا۔ نڈال نے جیت کے بعد کہاکہ میرے لئے یہاں آنا ہمیشہ احترام کی بات ہوتی ہے ۔ مجھے آج بھی یاد ہے جب میں 2005 میں یہاں آیا تھا۔ یہاں واپس آنا اور اسی طرح برسوں بعد بھی ٹرافی جیتنا کمال کا احساس ہے ۔ میرے لئے یہ ہفتہ آسان نہیں رہا ہے ۔ نڈال اب 26 مئی سے ریکارڈ 12 ویں بار فرانسیسی اوپن کے خطاب کیلئے اتریں گے ۔ مونٹی کارلو، بارسلونا اور میڈرڈ کے سیمی فائنل میں ہارنے کے بعد نڈال دوبارہ رولا گیروں میں بلند حوصلے کے ساتھ اتریں گے ۔ یہ نڈال کا 81 ویں ٹورنامنٹ خطاب بھی ہے اور ماسٹرز 1000 سیریز میں انہوں نے جوکووچ کے خلاف 34-33 سے برتری حاصل کرلی ہے ۔