سرینگر// سابق وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے بی جے پی کی جانب سے جوڑتوڑکرکے نئی سرکارتشکیل دینے کااندیشہ ظاہرکرتے ہوئے مطالبہ کیاہے کہ ریاستی اسمبلی کوبلاتاخیرتحلیل کرکے ریاست میں انتخابات کرائے جائیں۔ سابق نائب وزیراعلیٰ کویندر گپتااوربی جے پی کے قومی ترجمان سمت پاترا نے آنے والے دنوں میں ایک نئی سیاسی صورتحال پیداہونے کاواضح اشارہ دیا ہے۔ان قیاس آرائیوں اورممکنات کے تناظرمیںعمرعبداللہ نے سماجی رابطہ گاہ ٹویٹرکے ذریعے اپنے خیالات ،تاثرات اورخدشات ظاہرکئے ۔عمرعبداللہ نے بھاجپاسے وابستہ سابق نائب وزیراعلیٰ کویندرگپتاکے نئی دہلی میں پارٹی کے قومی جنرل سیکرٹری رام مادھوکی موجودگی میں پریس کانفرنس کے دوران دئیے گئے بیان کہ’مجھے نہیں لگتاکہ نئی سرکاربہت جلدتشکیل پائے گی ،اوریہ کہ بھاجپاکسی مشن پرکام کررہی ہے‘کاحوالہ دیتے ہوئے اپنے ایک ٹویٹ میں یہ اندیشہ ظاہرکیاکہ بھارتیہ جنتاپارٹی جموں وکشمیرمیں دوسری سیاسی پارٹیوں کوتوڑکرنئی سرکاربنانے کی کوشش کرسکتی ہے۔عمرعبداللہ نے سوالیہ اندازمیں کہا’’کسی مشن پرکام کرنے کاکیامطلب ہے؟‘‘۔