شوکت حمید
سرینگر//نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے اتوار کو کہا کہ جموں و کشمیر میں عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت نے جو وعدے کیے ہیں وہ مرحلہ وار طریقے سے پورے کیے جائیں گے۔ انہوں نے یونین ٹیریٹری میں آئین کو مضبوط کرنے کے لیے عبداللہ خاندان کی بھی تعریف کی۔بخشی سٹیڈیم، میں یوم جمہوریہ کی اپنی تقریر میں، نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عمر کی قیادت والی حکومت نے جو بھی وعدے کیے ہیں وہ ایک ایک کر کے پورے کیے جائیں گے۔تاہم، انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور دیگر رہنمائوں نے ریاست کی بحالی اور جموں و کشمیر کے لوگوں کے لیے زمینوں اور ملازمتوں کے تحفظ کے حوالے سے ایوان کے فلور پر جو وعدے کیے تھے، انہیں اب پورا ہونا چاہیے۔جموں و کشمیر میں آئین کو نافذ کرنے اور اسے مضبوط بنانے کے لیے شیخ محمد عبداللہ کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی عمر عبداللہ اپنے والد فاروق عبداللہ اور دادا شیخ عبداللہ کے ترقی پسند جموں و کشمیر کو یقینی بنانے کے راستے پر چل رہے ہیں۔انہوں نے کہا”حالیہ انتخابات میں بڑے پیمانے پر ووٹر ٹرن آئوٹ دیکھا گیا جس میں لوگوں نے بہت سے وعدوں کے بعد ہم پر اعتماد کیا،ہم ایک ایک کر کے ان تمام وعدوں کو پورا کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور عمر عبداللہ کی قیادت میں حکومت تمام وعدوں کو پورا کرنے کے لیے دن رات کام کر رہی ہے۔ انہوں نے اپنی تقریر میں کہا، راشن کوٹہ میں اضافہ، روزگار اور دیگر مسائل کو جلد یقینی بنایا جائے گا کیونکہ منتخب حکومت اس سلسلے میں 24گھنٹے کام کر رہی ہے۔کشمیری پنڈتوں کی واپسی کے بارے میں، نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جموں و کشمیر کے ہر ایک فرد کو کمیونٹی کی نقل مکانی پر تکلیف ہے، لیکن حکومت انہیں واپس لانے کے لیے سخت محنت کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ “ہم اس پر ہیں اور ہماری چوبیس گھنٹے کی کوششیں جلد ہی ثمر آور ہوں گی۔”منشیات کی لعنت کو معاشرے میں سب سے بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے انہوںنے کہا کہ اس چیلنجنگ کام کو مشترکہ کوششوں کے ذریعے ختم کرنے کی ضرورت ہے۔ انکا کہنا تھا”حکومت معاشرے سے منشیات کی لعنت کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات کر رہی ہے، لیکن نوجوانوں کی شمولیت سے تباہ کن صورتحال پیدا ہو ئی ہے، اس سلسلے میں مشترکہ جدوجہد شروع کرنے اور معاشرے سے اس اضطراب کو ختم کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ مستقبل کو بہت بری طرح متاثر کر رہا ہے‘‘۔اپنی تقریر کے آخر میں چودھری نے لوگوں سے کہا کہ وہ ہندوستان کو مزید خوبصورت بنانے اور جموں و کشمیر کو ہر پہلو سے آزاد بنانے کا عہد کریں۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ بخشی سٹیڈیم میں ہونے والے اس پروگرام میں نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ، وزیراعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی، ایم ایل اے لال چوک اشان پردیسی، این سی کے ترجمان عمران نبی ڈار اور دیگر نے شرکت کی۔