اشفاق سعید
سرینگر// کشمیر ویدر کے مطابق کم از کم 1901کے بعد، گرمائی دارالحکومت سرینگر میں جون اور جولائی کے 61روز سب سے زیادہ گیلے رہے۔رام منشی باغ سرینگر میں واقع آبزرویٹری نے مون سون کے پہلے دو مہینوں میں 110.9 ملی میٹر کی اوسط بارش کے مقابلے میں کل 230.0 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی، جو کہ اوسط سے 107 فیصد زیادہ ہے۔پہلے مہینے، جون میں، سرینگر میں 42.0 ملی میٹر کی اوسط بارش کے مقابلے میں کل 107.9 ملی میٹر جبکہ جولائی میں، شہر میں 68.9 ملی میٹر کی اوسط بارش کے مقابلے میں کل 122.1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔جون کے مہینے میں سب سے زیادہ بارش سال 1996 میں 142.1 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی تھی، جب کہ جولائی میں 182.6 ملی میٹر سال 1988 میں ریکارڈ کی گئی تھی۔سال 2015 میں، شہر میںیکم جون سے 31 جولائی کے درمیان کل 226.8 ملی میٹر بارش ہوئی، جس میں سے جولائی میں 139.3 ملی میٹر اور جون میں 87.5 ملی میٹر بارش ہوئی۔اب تک، جموں و کشمیر میں جنوب مغربی مانسون سیزن کے پہلے دو مہینوں میں 28 فیصد زیادہ بارش ہوئی ہے۔بڈگام میں سب سے زیادہ 147 فیصد بارش ریکارڈ کی گئی۔ سب سے کم شوپیان ضلع میں 35 فیصد بارش ہوئی۔20 اضلاع میں سے 7 میں بہت زیادہ بارش، 6 میں زیادہ بارش، 5 میں معمول کی بارش اور 2 میں بارش کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔