حسین محتشم
پونچھ//حکومت نے 2018 اور 2019 بیچوں کے جونیئر KAS افسران کو یقین دلایا ہے کہ نیم مستقل حیثیت اور محکمانہ امتحانات سے متعلق ان کے خدشات کو دور کرنے کے لئے ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ قانون ساز اسمبلی میں اعجاز احمد جان (A.Q. نمبر 1097) کے ایک سوال کے جواب میں، حکومت نے وضاحت کی کہ جونیئر KAS افسران کے 2018 اور 2019 بیچوں کو انتظامی وجوہات کی بنا پر پانچ سال کی سروس مکمل کرنے کے باوجود ابھی تک نیم مستقل قرار نہیں دیا گیا ہے تاہم حکومت اس معاملے کو حل کرنے کے لئے سرگرمی سے کام کر رہی ہے اورSRO-386 کا قاعدہ 16، سروس کے دو سال کے اندر محکمانہ امتحانات کا انعقاد لازمی قرار دیتا ہے تاہم، نصاب کی تازہ کاری میں تاخیر کی وجہ سے 2018-2024 بیچوں کے لئے ایسے کوئی امتحانات منعقد نہیں کئے گئے ہیں۔ حکومت نے اس مسئلے کو تسلیم کیا اور یقین دلایا کہ امتحانات کے انعقاد کے عمل کو تیز کیا جا رہا ہے۔ حکومت کے جواب پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے،اعجاز احمد جان نے افسران کے کیریئر کی ترقی کو یقینی بنانے کے لئے تیز رفتار کارروائی کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیر اعلیٰ نے جلد از جلد امتحانات کے انعقاد کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہا ہے حکومت جونیئر KAS افسران کے تحفظات کو دور کرنے اور شفاف اور موثر امتحانی عمل کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہے۔