جموں//مرکزی حکومت نے ڈوڈہ کے جودھپور علاقہ میں کیندریہ ودیالیہ اور گندو میں ڈاکخانہ قائم کرنے کو منظوری دے دی ہے ۔ اس بات کی جانکاری دیتے ہوئے وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ ، جو اس حلقہ کی پارلیمنٹ میں نمائندگی بھی کرتے ہیں ، نے بتایا کہ گندو علاقہ میں کھلنے والا یہ پہلا ڈاک گھر ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹھاٹھری سے قریب 35کلو میٹر دور اس علاقہ میں ڈاک گھر نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا تھا جو کہ پوسٹ آفس کے قیام سے حل ہو جائیں گی۔ وہ ایک تقریب کے حاشیہ پر نامہ نگاروں سے خطاب کر رہے تھے۔ ڈاک گھر کے قیام کے لئے وزیر مواصلات منوج سنہا کے تئیں تشکر کا اظہار کرتے ہوئے جتیندر سنگھ نے کہا کہ وزارت مواصلات نے اس سلسلہ میں 6ماہ سے بھی کم عرصہ میں ڈاک گھر کے قیام کو منظوری دے دی ہے ۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ جودھپور ڈوڈہ کے بعد گندو میں بھی کیندریہ ودیالیہ کے قیام کے لئے کوشش کی جائے گی۔