بانہال// نوگام بانہال میں جواہر ٹنل کے نزدیک ایک مشتبہ فائرنگ کے واقعے میں سیما سشتر بل کے ایک اہلکار کی موت واقع ہوئی ہے جبکہ دوسرا زخمی ہوا ہے ۔پولیس کا کہنا ہے کہ اس واقعے کی تحقیقات کے بعد ہی اصل حالات سامنے آسکتے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق بدھ کی شام7.10بجے نوگام بانہال میں جواہر ٹنل کے نزدیک فائرنگ کا ایک واقعہ پیش آیا جس سیما سشتر بل سے وابستہ اہل اہلکار رام پرویشن یادو ہیڈ کانسٹیبل کی موت واقع ہوگئی جبکہ دوسرا اہلکار زخمی حالت میں بانہال اسپتال پہنچایا گیا ۔ایس ایس پی رام بن موہن لال نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ اس واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہے ۔ایس ایس پی کے مطابق ایک ہی گولی چلی ہے جس سے رام پرویش یادو کی موت واقع ہوگئی ہے جبکہ دوسرے زخمی اہلکار کے جسم پر کسی آہنی اوزار کی چوٹیں ہیں جس کی وجہ سے معاملہ مشکوک لگ رہا ہے تاہم ان کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے ملی ٹنٹ حملے کے پہلو پر بھی نظر رکھی جارہی ہے ۔واضح رہے کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب شاہراہ کے فور لین پروجیکٹ کی حفاظت پر تعینات ایس ایس بی کے ان اہلکاروں کی ڈیوٹی ختم ہورہی تھی اور وہ اپنے کیمپ کی طرف جارہے تھے ۔