سرینگر//جواہر نگرمیں آگ کے ایک واقعہ کے دوران بیت الہلال نامی یتیم خانہ اور دو رہائشی مکانوں کو شدید نقصان پہنچا۔ پیر کی شب سرینگر کے جواہر نگر میں اُس وقت سنسنی پھیل گئی جب ایک یتیم خانے کی عمارت کی اوپری منزل سے اچانک آگ کے شعلے بلند ہوئے ۔مقامی لوگوں کے مطابق آگ غالباً بجلی شاٹ سرکٹ کی وجہ سے نمودار ہوئی جس نے آناً فاناً بیت الہلال نامی یتیم خانے کی اس عمارت کے ایک بڑے حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔اس موقعے پر پورے علاقے میںاتھل پتھل مچ گئی اور لوگ گھروں سے باہرآکر آگ بجھانے کی کارروائی میں جٹ گئے ۔ بچاﺅ کارروائی کے ابتدائی مرحلے میں ہی یتیم خانے میں موجود بچوں اور اسٹاف کو بحفاظت باہر نکالا گیا۔اس موقعہ پر کئی خواتین کو واویلا کرتے ہوئے دیکھا گیا۔اسی دوران آگ کے شعلوں نے دو نزدیکی رہائشی مکانوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لیا جس کے بعد دیگر مکانوں کے مکینوں نے گھریلو اسباب محفوط مقامات کی طرف منتقل کرنے کا عمل شروع کیا۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی ایک ٹیم اور فائر بریگیڈ کا عملہ جائے واقعہ پر پہنچ گیا اور بچاﺅ کارروائی شروع کی۔کئی گھنٹوں کی سخت جدوجہد کے بعد اگر چہ آگ پر قابو پالیا گیا، تاہم اس واقعہ میں یتیم خانے کی عمارت کے ایک بڑے حصے کے ساتھ ساتھ دو رہائشی مکانات کو شدید نقصان پہنچا ہے ۔محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے ایک اہلکار نے کے ایم ا ین کو بتایا کہ آگ بجھانے کی کارروائی میں شہر کے مختلف فائر اسٹیشنوں سے وابستہ فائر انجنوں اور ٹینڈررس کے ساتھ ساتھ درجنوں اہلکاروںنے حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر مقامی لوگ آگ پر قابو پانے کی کارروائی میں معاونت نہیں کرتے تو وسیع پیمانے پر تباہی کا احتمال تھا۔محکمہ کے ایک اور آفیسر نے بتایا کہ اس واردات میں مجموعی طور پرلاکھوں روپے کی املاک خاکستر ہوگئی، تاہم نقصان کا اصل تخمینہ لگایا جارہا ہے۔پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرلیا ہے اورآگ لگنے کی وجوہات کا پتہ لگانے کےلئے مزید چھان بین جاری ہے۔