محمد تسکین
بانہال //ضلع رام بن کے رامسو کے لڑو علاقے میں پیر کی دوپہر پیش آئے ایک حادثے میں ایک 27 سالہ خاتون بجلی کا کرنٹ لگنے موقع پر ہی لقمہ اجل بن گئی۔ متوفی کی شناخت 27سالہ شناخت کلثوم بیگم زوجہ گلزار احمد شیخ ساکنہ گگونی نیل تحصیل تحصیل رامسو کے طور کی گئی ہے۔عینی شاہدین نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ کلثوم بیگم بالن کی لکڑیاں لیکر اپنے گھر کہ طرف جارہی تھی کہ لڑو کے جانے کے قریب 33کے وی ٹرانسمیشن لائین کے بجلی کے کھمبے سے حادثاتی طور چھو گئی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئیں۔ مقامی لوگوں کا 33 کلوواٹ کی ٹرانسمیشن لائین میں کرنٹ اس المناک حادثے کیلئے ذمہ دار ہے۔ انہوںنے اس واقع میں ٹرانسمیشن ڈویژن کے خلاف کیس درج کرنے اور مہلوک کے حق میں معاوضہ ادا کرنے کی اپیل کی ہے ۔اس واقع کی تصدیق کرتے ہوئے ایس ایچ او رامسو نعیم الحق متو نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ضابط فوجداری کے کاروائی شروع کی گئی ہے اور معاملے کی تحقیقات شروع کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ لاش کو قانونی چارہ جوئی کیلئے پرائمری ہیلتھ سینٹر اکڑل منتقل کیا گیا جہاں سے میت کو اخری رسومات کیلئے ورثاء کے حوالے کیا جا رہا ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی لیڈر محمد سلیم بٹ نے اس حادثے پر اپنے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ضلع رام بن کے حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ مہلوک خاتون کے لواحقین کے حق میں فوری معاوضے کا اعلان کریں اور اس ہلاکت میں ملوث محکمہ بجلی ٹرانسمیشن ڈویژن کے لاپرواہ ملازمین کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔