سرینگر/علیحدگی پسندوں کے وفاق مشترکہ مزاحمتی قیادت نے منگل کو اونتی پورہ کے جواں سال استاد رضوان پنڈت کی حراستی موت کیخلاف احتجاج کے طور کل یعنی بدھ کو مکمل ہڑتال کی اپیل کی ہے۔
مزاحمتی قیادت نے اپنے ایک بیان میں کہا'' این آئی اے اور ایس او جی کے ہاتھوں کی جانے والی اس حراستی کیخلاف 20 مارچ2019 بروز بدھوار' کو پورے جموں کشمیر میں ہمہ گیر احتجاجی ہڑتال، جمعرات21 مارچ کو زندگی کے تمام مکاتب فکر بشمول تاجر برادری، وکلائ، سول سوسائٹی اور جملہ شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں سے اس قتل ناحق کیخلاف بھر پور احتجاج کرنے کی اپیل ہے''۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے ''22 مارچ جمعتہ المبارک کو کشمیر کی تمام چھوٹی بڑی مساجد، آستانوں، خانقاہوں،اور امام باڑوں میں اس قتل ناحق،سرکاری سطح پر خوف و دہشت کا ماحول برپا کرنے، ایس او جی اوراین آئی اے کی جانب سے مزاحمتی قائدین، کارکنوں اور معزز شہریوں اور نوجوانوں کیخلاف خوفناک مہم جوئی کیخلاف بھر پورصدائے احتجاج بلندکیا جائیگا''۔ بیان کے مطابق '' کشمیر میں جاری ریاستی دہشت گردی سے اب کوئی بھی فرد بشر محفوظ نہیں رہا ہے''۔
اونتی پورہ کے استاد رضوان پنڈت کو دو روز قبل پولیس نے حراست میں لیا تھا جس کے دوران آج اُس کی موت واقع ہوگئی۔