بلال فرقانی
سرینگر//اپنی پارٹی کے لیڈر اور سرینگر میونسپل کارپوریشن کے میئرجنید عظیم متو نے پیر کو اپنی پارٹی کی یوتھ ونگ کے صدر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ متو نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ انہوں نے اپنی پارٹی کے یوتھ صدر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔متو نے اپنے جانشین اور پارٹی کی حمایت بھی کی۔ متو نے ٹویٹ میں کہا،’’اپنی پارٹی کے یوتھ صدر کی حیثیت سے اپنا استعفیٰ دے دیا ہے۔ میں اس ذمہ داری کے لیے پارٹی صدر الطاف بخاری کاشکریہ ادا کرتا ہوں اور جموں کشمیر اپنی پارٹی یوتھ ٹیم کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ‘‘متو کو فروری 2021 میں اپنی پارٹی نے یوتھ صدر کے طور پر مقرر کیا تھا۔ انہوں نے پارٹی عہدے سے استعفیٰ دینے کی کوئی وجہ نہیں بتائی۔ متو نے جب سے سیاست میں شمولیت اختیار کی ہے، مختلف پارٹیوں سے وابستہ رہے ہیں۔اپنی پارٹی کی بنیاد دفعہ 370 اور 35 اے کی منسوخی کے آٹھ ماہ بعد مارچ 2020 میں الطاف بخاری نے رکھی تھی۔انہوںنے پیر کو کہا کہ ان کے لیے عہدے اہم نہیں ہیں۔ متو نے کہا کہ ان کے نزدیک سیاست عوام کی خدمت کرنے کے ایک بڑے مقصد کے بارے میں ہے، جو بھی ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا ، ’’عہدے اہم نہیں ہیں، میں سمجھتا ہوں کہ وقفے وقفے سے تبدیلیاں ہونی چاہئیں اور نئے نوجوان چہروں کو پارٹی میں خدمت کرنے کے مواقع ملنے چاہئیں‘‘۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ پارٹی صدر کے منتخب ہونے پر اپنے جانشین کی مکمل حمایت کریں گے۔