سمت بھارگو
راجوری//جموں و کشمیر کے کابینہ وزیر اور نیشنل کانفرنس کے سینئر رہنما جاوید احمد رانا نے کہا ہے کہ جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہوتی اور بہتر یہی ہے کہ اسے ٹال دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی امن و استحکام کے لئے باہمی افہام و تفہیم اور پرامن اقدامات ضروری ہیں۔جاوید رانا، جو پونچھ ضلع کے مینڈھر اسمبلی حلقے سے ایم ایل اے ہیں، نے کہا کہ وہ ایک ایسے علاقے کی نمائندگی کرتے ہیں جو لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے نزدیک واقع ہے، اور جہاں ماضی میں سرحد پار گولہ باری کے بھیانک اثرات دیکھے جا چکے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سرحدی عوام نے کئی بار جنگ کے سائے میں زندگی گزاری ہے، جس سے نہ صرف جانی نقصان ہوتا ہے بلکہ معاشی و سماجی استحکام بھی متاثر ہوتا ہے۔ ایسے میں پائیدار امن ہی اصل ضرورت ہے۔وزیر موصوف نے موجودہ حالات کے تناظر میں زور دیا کہ تمام فریقین کو سنجیدگی سے امن کے راستے کو اپنانا چاہیے تاکہ عوام کو ایک محفوظ اور خوشحال زندگی میسر ہو۔
جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں، بہتر ہے کہ اسے ٹالاجائے سرحدی علاقوں میں امن و استحکام ناگزیر: جاوید رانا
