راجوری //وادی میں امن کی بحالی کیلئے حریت کے ساتھ مذاکرات کوانتہائی ضروری قرار دیتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے سربراہ اور سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہاکہ ہندوستان اور پاکستان کے بیچ جنگ کوئی متبادل نہیں ۔راجوری میں ایک تقریب کے حاشئے میں ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہاکہ پی ڈی پی اور بی جے پی کے’ ایجنڈ آف الائنس ‘میں یہ بات شامل ہے کہ ریاست کے تمام فریقین بشمول حریت کے ساتھ بات چیت کی جائے گی اور وہ دونوں اتحادی جماعتوں کو صرف یہی یاد دلارہے ہیں کہ اس ایجنڈے پر عمل کیاجائے ۔فاروق عبداللہ کاکہناتھا’’وادی میں پائی جارہی موجودہ غیر یقینی صورتحال تب تک برقرار رہے گی جب تک کہ دہلی مقامی لوگوں ، لیڈروں اور حریت کے ساتھ بات چیت نہیںکرتی ‘‘۔سابق وزیر اعلیٰ نے کہاکہ ہندوستان اور پاکستان کے مابین جنگ کوئی متبادل نہیں ۔ان کاکہناتھا’’ہم نے چار جنگیں لڑی ہیں اور نتائج کیاہیں ؟ یہاں تک کہ لائن آف کنٹرول بھی وہی ہے جو پہلے تھی ‘‘۔انہوںنے مزید کہاکہ ہندوستان کو پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر بات چیت کا سلسلہ جاری رکھناچاہئے۔ڈاکٹر فاروق کاکہناتھاکہ جنگ کی صورت میں ہندوستان کی ترقی متاثر ہوگی اور پاکستان کی ترقی کا خاتمہ ہوجائے گااس لئے بہتر یہی ہے کہ بات چیت کے چینل جاری رکھے جائیں ۔