اشرف چراغ
کپوارہ//پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی)کی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے پارٹی کے سینئر رہنمائوں اور ارکانِ اسمبلی کے ہمراہ اتوار کوسرحدی علاقہ کرناہ کا دورہ کیا، جو حالیہ دنوں میں پاکستان کی گولہ باری سے بری طرح متاثر ہوا ہے۔محبوبہ مفتی نے علاقے میں تباہ حال گھرانوں، خوف زدہ بچوں اور بزرگوں سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ تصویریں صرف درد نہیں، بلکہ چیخ چیخ کر امن کی فریاد کر رہی ہیں۔محبوبہ مفتی نے متاثرہ خاندانوں سے بات کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر بحالی کا عمل شروع کرے، متاثرہ لوگوں کو معاوضہ اور محفوظ رہائشی سہولیات فراہم کی جائے۔انہوں نے نقصان کا جائزہ لیا اور لوگو ں کو یقین دلایا کہ ان کی باز آباد کاری کیلئے سرکار سے معاملہ اٹھایا جائے گا ۔اس موقع پر محبوبہ مفتی نے کہا کہ لوگو ں نے کبھی بھی جنگ کا انتخاب نہیں کیا اور مجھے دلی صدمہ ہوا جب میں نے کرناہ میں حالیہ گولہ باری سے مکانات ملبے کے ڈھیر میں دیکھے ۔انہو ں نے کہا کہ لوگ امن چاہتے ہیں کیونکہ سر حدی علاقے کے لوگو ں نے گزشتہ4دہائیو ں سے کافی زخم سہہ لئے ہیں اور اب یہاں کئی سالو ں سے امن کی فضا میں لوگ اپنی زندگی گزار رہے تھے لیکن حالیہ گولہ باری کی وجہ سے یہا ں کے لوگ پھر سے بے چین ہیں ۔انہو ں نے کہا کہ جنگ صرف تباہی ہے ۔ آپریشن سندور کے بارے میں دنیا کو باور کرانے کے لئے مرکزی سرکارکی جانب سے تشکیل دی گئی پارلیمانی وفد کو خوش آئند قراردیا تاہم سب سے مناسب اور جموری عمل یہ ہوتا کہ حکومت اس معاملہ کو اندورنی طور زیر بحث لانے کے لئے پارلیمنٹ کا ایک خصوصی اجلاس طلب کرے ۔