عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//وزیر اعظم نریندر مودی نے سنیچر کی شام ، اس اعلان کے بعد کہ ہندوستان اور پاکستان فوجی کارروائیوں کو روکنے کے لیے مفاہمت پر پہنچ گئے ہیں، اعلیٰ حکومتی عہدیداروں بشمول وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور وزیر خارجہ ایس جے شنکرکے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی۔این ایس اے اجیت ڈوول، چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انیل چوہان اور تینوں فوجی سربراہان میٹنگ میں شریک تھے۔ میٹنگ میں ہندوستان اور پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل آف ملٹری آپریشنز (DGMO) کی طرف سے ہفتہ کی شام 5 بجے سے زمینی، فضائی اور سمندری طور پر تمام فائرنگ اور فوجی کارروائی روکنے پر اتفاق ہونے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس سے قبل وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کی صبح بھی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، قومی سلامتی مشیر اجیت ڈوول، تینوں افواج کے سربراہان اور چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انیل چوہان سے ملاقات کی تاکہ سیکورٹی کے منظر نامے کا جائزہ لیا جا سکے اور مستقبل کے لائحہ عمل کے لیے حکمت عملی تیار کی جا سکے۔ وزار ت خارجہ ذرائع نے کہا کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان فوجی کارروائی سے متعلق مفاہمت کی کوئی پیشگی یا بعد کی شرط نہیں ہے جو ہفتہ کو ہوئی ہے اور سندھ آبی معاہدہ بدستور التوا میں رہے گا۔