نئی دہلی // مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ عید سے قبل 10جون کو وادی کے 2دوزہ دورے پر آرہے ہیں جس دوران موصوف جنگ بندی کے بعد سے زمینی صورتحال سے متعلق وادی میں تعینات جملہ سیکورٹی ایجنسیوں کے ساتھ تبادلہ خیال کریں گے۔اس دوران ریاستی گورنر این این ووہرا نے راجدھانی میں راجناتھ سنگھ سے ملاقات کی۔اس ملاقات میں وادی کی موجودہ صورتحال پر مشاورت ہوئی،۔ میٹنگ میں فائر بندی کے بعد وادی کی مجموعی صورتحال پر سیر حاصل بحث کی گئی۔30منٹ کی میٹنگ میں گورنر نے مرکزی وزیر داخلہ کو سیکورٹی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے فائر بندی کے بعد پیدا ہوئی خاموشی کی بھی جانکاری دی۔دونوں نے فورسز کی طرف سے آپریشن ملتوی کرنے کے اثرات پر بھی تفصیل سے غور و خوض ہوا۔اسکے علاوہ مصالحت کار دنیشور شرما کی طرف سے جاری مشاورت کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔دریں اثناء گورنر کو اس بات کی جانکاری بھی دی گئی کہ وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ اپنے دورہ وادی میں زمینی حالات سے آگاہی حاصل کرنے کے بعد نئی دہلی میں وزارت داخلہ کے اعلیٰ عہدیداراں سے وادی میں یک طرفہ جنگ بندی میں توسیع پر تبادلہ خیال کریں گے۔ موصوف اس دوران لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحد پر صورتحال کا جائزہ بھی لیں اور فوج اوربی ایس ایف کے اعلیٰ عہدیداران سے پاکستان کی جانب سے اشتعال انگیز گولہ باری کے سلسلے میں اُٹھائے گئے اقدامات پر تفصیلی معائینہ بھی کریں گے۔ معلوم ہوا ہے کہ وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ 28جون سے شروع ہونے والی سالانہ امر ناتھ یاترا کے سلسلے میں سیکورٹی ایجنسیوں کی جانب سے اقدامات کا بھی بھر پور جائزہ لیں گے۔ وزیر داخلہ نئی دہلی میں وزارت داخلہ کے اعلیٰ عہدیدران سے صلاح و مشورہ کرنے کے بعد جنگ بندی میں مزید توسیع کرنے کے امکانات کا جائزہ لیں گے ۔