سرینگر//ہندو پاک حکومتوں پر جنگ بندی معاہدے پر عمل کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے حد متارکہ پر کشیدہ صورتحال پر تشوش کا اظہار کیا۔ پارلیمنٹ میں حلف برداری کی تقریب میں شمولیت کے بعد وادی لوٹنے پر پارٹی کارکنوں اور وفود سے اپنی رہائش گاہ پر ملاقات کے دوران ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ سرحدوں پر جاری تناﺅ،کشیدہ ماحول اور فائرنگ وگولہ باری سے کنٹرول لائن کے آر پار لوگ شکار ہو رہے ہیں جبکہ حکومت متاثرین کے قیام و طعام اور رہائشی سہولیات فرہم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔انہوں نے پاکستان اور بھارت کی حکومتوں سے اپیل کی کہ وہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی نہ کریں تاکہ انسانی لہو کے بہنے کا سلسلہ بند ہوجائے۔سابق وزیر اعلیٰ نے موجودہ مخلوط سرکار کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اہل کشمیر اس وقت نہایت ہی اقتصادی اور بد حالی کا شکار ہوچکے ہیں،جبکہ حکومت اپنی کوتاہیوں پر پردہ پوشی کرنے کیلئے عوام کو انتشار میں مبتلاءکیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کے مسائل کو حل کرنا حکومت کے ترجیجات میں شامل ہونا چاہے تھا،جبکہ اعلیٰ سے ادنیٰ سرکاری ملازم کو حاکم نہیں بلکہ خادم کا رول ادا کرنا چاہے۔اس دوران بیان میں کہا گیا کہ کئی عوام وفود نے ڈاکتر فاروق عبداللہ سے انکی رہائش گاہ پر ملاقات کی،جس کے دوران اپنے علاقوں میں بلدیاتی مسائل کے علاوہ سڑکوں کی بدحالی اور اشیاءضروریہ کی قلت کی بھی شکایت کی۔