اسلام آباد// پاکستان نے لائن آف کنٹرول پر بھارت کی فائرنگ پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفتر خارجہ میں طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔پاکستانی دفتر خارجہ میں ڈائریکٹر جنرل (ایس ایے اینڈ سارک) محمد فیصل نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو طلب کرکے گزشتہ روز لائن آف کنٹرول کے نکیال اور جندروٹ سیکٹرز پر بھارت کی جانب سے فائرنگ اور سیز فائر کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا جس کے نتیجے میں خاتون سمیت تین افراد جاں بحق اور 4 افراد زخمی ہوگئے تھے۔دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے کہا کہ ڈائریکٹر جنرل نے بھارت پر زور دیا کہ وہ 2003 کے سیز فائر معاہدے کی پاسداری کرے جنگ بندی کی حالیہ خلاف ورزیوں کی تحقیقات کرے، بھارتی فوج کو سیز فائر کا احترام کرنے کی ہدایت دے اور کنٹرول لائن کے اطراف دیہی آبادیوں کو نشانہ بنانا بند کیا جائے۔ ذرائع نے بتایا کہ پاکستان کی سلامتی کے خلاف کام کرنے والے بھارتی ’سفارتکاروں‘ کا معاملہ بھی ڈپٹی ہائی کمشنر کے سامنے اٹھایا گیا۔واضح رہے کہ گزشتہ دو ماہ سے لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کے واقعات معمول کی بات بن گئے ہیں جبکہ 8 جولائی کو برہان وانی کی ہلاکت کے بعد کشمیر کی کشیدہ صورتحال اور 18 ستمبر کو بھارت کے اْڑی فوجی کیمپ کی وجہ سے دونوں ملکوں کے تعلقات میں تیزی سے بگاڑ پیدا ہوا۔