عظمیٰ نیوزڈیسک
سیتامڑھی// بہار اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں 122 سیٹوں کے لیے انتخابی مہم اب آخری مرحلے میں پہنچ گئی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کوسیتامڑھی میں عوام سے این ڈی اے امیدواروں کو ووٹ دینے کی اپیل کی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ این ڈی اے یکطرفہ طور پر پہلا مرحلہ جیت رہی ہے۔ آر جے ڈی اور کانگریس پر حملہ کرتے ہوئے پی ایم نے کہا، ’’آج کا ماحول بھی یہ پیغام دے رہا ہے کہ نہیں چاہیے کٹا سرکار، پھر ایک بار این ڈی اے سرکار۔پہلے مرحلے میں بہار نے کمال کر دیا ہے۔ جنگل راج والوں کو پہلے مرحلے میں 65 وولٹ کا جھٹکا لگا ہے۔ چاروں طرف یہ چرچا ہے کہ بہار کے نوجوانوں نے ترقی کا انتخاب کیا ہے، این ڈی اے کو منتخب کیا ہے۔ آج ہم سیتامڑھی میں جو ماحول دیکھ رہے ہیں وہ دل کو چھو لینے والا ہے۔ یہ ماحول ایک پیغام بھی دیتا ہے، نہیں چاہیے کٹا سرکار، پھر ایک بار این ڈی اے سرکار‘‘۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ آر جے ڈی بہار کے بچوں کے لیے کیا کرنا چاہتی ہے، یہ اس کے لیڈروں کی انتخابی مہم میں صاف نظر آرہا ہے۔ ان کے پلیٹ فارم پر معصوم بچوں کو یہ کہا جا رہا ہے کہ یہ بچے گینگسٹر بننا چاہتے ہیں۔ پی ایم نے کہا کہ بہار کا بچہ اب گینگسٹر نہیں بن سکتا۔ ہمارے بچے انجینئر، ڈاکٹر، وکیل اور جج بنیں گے۔آر جے ڈی پر سخت حملہ کرتے ہوئے پی ایم مودی نے کہا، ’’جنگل راج کا مطلب ہے تشدد، ظلم، تلخی، برے رویے، اور بدعنوانی ہے۔ یہ برے رویوں سے بھرے لوگ ہیں اور وہ بری حکمرانی چاہتے ہیں۔‘‘ نریندر مودی نے کہا کہ بھارت رتن کرپوری ٹھاکر جیسے عظیم لیڈروں نے بہار کو سماجی انصاف دیا، لیکن جنگل راج کے آنے کے ساتھ ہی بہار میں تباہی کا دور شروع ہو گیا۔ آر جے ڈی نے بہار میں ترقی کے پورے ماحول کو تباہ کر دیا۔سیتامڑھی میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ آر جے ڈی اور کانگریس صرف صنعتوں کو بند کرنا جانتے ہیں۔ ان کے 15 سال کے جنگل راج کے دوران بہار میں ایک بھی بڑی فیکٹری نہیں لگائی گئی۔ متھیلا کی ملیں بھی بند ہو گئیں۔ جنگل راج کے 15 سال کے دوران بہار میں کوئی بڑا ہسپتال یا میڈیکل کالج نہیں بنا۔ اس لیے جنگل راج کے حامیوں کی طرف سے ترقی کی بات سراسر جھوٹ ہے۔نریندر مودی نے کہا کہ ایک وقت تھا جب بہار دیگر ریاستوں کو مچھلی درآمد کرتا تھا، لیکن این ڈی اے حکومت کی پالیسیوں کی بدولت بہار اب دیگر ریاستوں کو مچھلی برآمد کر رہا ہے۔ یہ ہمارے ماہی گیروں کی طاقت ہے۔مودی نے کہا کہ حکومت کی پالیسیوں اور فیصلوں کا اثر ہر شعبے میں نظر آرہا ہے۔ ابھی چند دن پہلے بھارت کی بیٹیوں نے کرکٹ ورلڈ کپ جیتا تھا۔ تین دن پہلے ہماری بیٹیاں پی ایم کی رہائش گاہ پر آئی تھیں۔ مجھے ان کا اعتماد دیکھ کر فخر ہوا۔ ہماری بیٹیوں میں یہ نیا اعتماد اس لیے ہے کہ ہماری حکومت ہر قدم پر خواتین کے ساتھ کھڑی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ہماری حکومت یہاں کی ترقی اور ورثے کا احترام دونوں کو فروغ دے رہی ہے۔ ہم اس خطے کو رامائن سرکٹ سے جوڑ رہے ہیں۔ سیتامڑھی سے ایودھیا تک براہ راست ریل سروس بھی اس منصوبے کا حصہ ہے۔ ایودھیا میں سیتامڑھی کے داماد کے لیے ایک عظیم الشان مندر بنایا گیا ہے۔ اب سیتا کے مائیکے کی باری ہے۔ پنورادھام کی شان پوری دنیا دیکھے گی۔