عظمیٰ نیوزسروس
جموں//چیف سیکرٹری اتل ڈلو نے فنڈ منیجمنٹ اینڈ پلاننگ اتھارٹی کی 25ویں اسٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے محکمہ پر زور دیا کہ وہ مقررہ مدت میں مقررہ حصول کیلئے کام کریں ۔ کمشنر سیکرٹری جنگلات و ماحولیات ، پرنسپل سیکرٹری فاینانس ، پی سی سی ایف ، چیف لائف وارڈن ، سیکرٹری منصوبہ بندی ، ڈائریکٹر ریموٹ سینسنگ ، سی ای او کیمپا اور محکمہ کے دیگر حکام نے میٹنگ میں شرکت کی ۔ میٹنگ کے دوران چیف سیکرٹری نے پچھلے سال کے دوران کی جانے والی کوششوں اور اس وقت کے دوران حاصل ہونے والے اہداف کا نوٹس لیا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ جے اینڈ کے میں جنگلات کے تحفظ کیلئے باؤنڈری ستونوں ( پی بیز ) کی تنصیب کو مکمل کریں ۔ چیف سیکرٹری نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ جنگلات کے تحت آنے والے علاقوں کی نشاندہی کریں ۔ اس موقع پر کمشنر سیکرٹری ایف ای اینڈ ای شیتل نندا نے اجلاس کو اسٹیرنگ کمیٹی کے کردار اور ذمہ داریوں کے بارے میں آگاہ کیا جس میں آئندہ سال کے دوران کیمپا کے کاموں کو انجام دینے کیلئے مستقبل کے اقدام کا فیصلہ کیا گیا تھا ۔ جنگلات کے پرنسپل چیف کنزرویٹر سریش کمار گپتا نے بتایا کہ یہ اسکیم گذشتہ برسوں میں ٹھوس نتائج حاصل کرنے کے ساتھ یو ٹی میں آسانی سے چل رہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ جنگلات کے آس پاس پی بیز کی تنصیب اور ڈیجیٹائیزیشن کو ایک بڑی حد تک حاصل کیا گیا ہے۔