جاوید اقبال
مینڈھر//مینڈھر سب ڈویژن کے مختلف علاقوں میں پھیلی جنگلاتی آگ کے حوالے سے انتظامیہ نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ سب ڈویژنل مجسٹریٹ (ایس ڈی ایم) مینڈھر، عمران کتاریا نے یقین دلایا ہے کہ انتظامیہ آگ پر قابو پانے کیلئے پوری طرح متحرک ہے اور صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ایس ڈی ایم عمران کتاریا نے جنگلات میں لگنے والی آگ کی بنیادی وجہ خشک موسم کو قرار دیا اور عوام سے اپیل کی کہ وہ احتیاط برتیں اور آگ کو رہائشی علاقوں تک پھیلنے سے روکنے میں تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی ٹیمیں ہر سطح پر نگرانی کر رہی ہیں تاکہ آگ کی شدت کو کم کیا جا سکے اور اسے مزید علاقوں تک پھیلنے سے روکا جائے۔انہوں نے عوام سے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ اگر کہیں آگ رہائشی علاقوں کے قریب پہنچتی ہوئی نظر آئے تو فوراً انتظامیہ کو اطلاع دیں تاکہ فوری کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ “عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ محتاط رہیں اور آگ کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر اپنائیں۔”ایس ڈی ایم نے مزید کہا کہ عوامی تعاون کے بغیر اس قدرتی آفت پر قابو پانا مشکل ہو سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انتظامیہ فائر بریگیڈ، جنگلاتی عملہ اور دیگر محکموں کے تعاون سے آگ بجھانے کے لیے کام کر رہی ہے۔عوامی حلقوں نے انتظامیہ کی بروقت کارروائی کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ جنگلاتی آگ پر جلد قابو پا لیا جائے گا تاکہ قیمتی جنگلات اور رہائشی علاقے محفوظ رہ سکیں۔