سرینگر// وزیر اعلیٰ کو جنگجو مخالف آپریشنوں میں شامل فوجی،پولیس و فورسز سمیت انتظامی افسران اور سابق و موجودہ سیاست دانوں کی جائیداد کا احتساب کرنے کیلئے بین الاقوامی سطح کے آزادانہ کمیشن کا قیام عمل میں لانے کا مشورہ دیتے ہوئے ممبر اسمبلی لنگیٹ انجینئر رشید نے مزاحمتی لیڈراں کو بھی رضا کارانہ طور پر اپنی جائیداد اور آمدن کو منظر عام پر لانے کا مشورہ دیا۔ سرینگر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر رشید نے کہا کہ اگست میں کچھ ٹی وی چینلوں نے انکے خلاف ریاست کے علاوہ شملہ اور دبئی میں جائیداد قائم کرنے کا الزام عائد کیا جبکہ بعد میں قومی تفتیشی ادارے نے انہیں دہلی طلب کرکے پوچھ تاچھ کی۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں انہوں نے سپیکر اسمبلی کو پہلی درخواست دیکر انکی اور انکے رشتہ داروں کی جائیداد اور املاک کی تحقیقات کرنے کا مطالبہ کیا،جبکہ بعد میں ریاستی احتسابی کمیشن میں از خود اپنے خلاف عرضی دائر کرکے انہیں میرے(انجینئر رشید) کی جائیداد اور آمدن سے متعلق جانچ کرنے کی درخواست کی۔انجینئر رشید نے کہ تاہم کمیشن نے ان کی درخواست کو فنی بنیادوں پر مشترد کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ پہلی بار تھا کہ کسی شخص نے احتساب کمیشن میں خود عرضی دیکر اپنی جائیدادوں کا محاسبہ کرانے کی کوش کی۔عوامی اتحاد پارٹی سربراہ نے تاہم کہا کہ بعض سیاستدانوںاور سیول و پولس افسروں نے بلا شبہ اپنی آمدن سے زیادہ جائیدادیں کھڑا کی ہوئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ فقط یہی نہیں کہ بلکہ کئی ایک نے سرینگر سے لیکر گلمرگ اور پہلگام سے لیکر جموں تک سرکاری زمینوں پر قبضہ کرکے انہیں ہڑپ کیاہے اور یہ سبھی چیزیں اعلیٰ سطحی اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی متقاضی ہیں۔انجینئر رشید نے کہا کہ اگر ریاستی سرکار ذرہ بھی سنجیدہ ہے اور عوام کو انصاف دلانا چاہتی ہو تو پھر اسے عوامی جائیدادوں کے محافظ کی حیثیت سے سبھی موجودہ اور سابق سیاستدانوں اور بیروکریٹوں کی ،ریاست کے اندر اور یہاں سے دور،سبھی جائیدادوں اور ذرائع آمدن کی تحقیقات کرانی چاہے۔انجینئر رشید نے کہا ’’ جنگجوئوں کے خلاف آپریشنوں میں شامل فوج،فورسز اور پولیس افسران کے علاوہ سابق اور موجودہ بیرو کریٹوں سمیت سابق و وموجود قانون سازیہ ارکان اور تمام وزراء اعلیٰ کی جائیداد اور آمدن کا احتساب کرنے کیلئے،بین الاقوامی سطح کا ایک آزادانہ کمیشن کا قیام عمل میں لایا جائے،تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی باہر آجائے گا‘‘۔ مزاحمتی لیڈروں کو بھی اپنی جائیداد اور آمدن کو منظر عام پر لانے کا مشورہ دیتے ہوئے انجینئر رشید نے کہا کہ،اگر لوگ انکی حقیقت سے آشنا ہیں،تاہم انکے خلاف جو پرپگنڈاکیا جا رہا ہے،اس سے اس کا توڑ بھی ہوگا۔ ممبر اسمبلی لنگیٹ نے کہا ’’ ریاستی وزیر اعلیٰ کے غریب وزراء اعلیٰ میں شامل ہونا خوش آئندہ ہے،تاہم انکے ارد گرد جو لوگ اور رشتہ دار ہیں،اور سیاست سے دور کا بھی واسطہ نہیں ہے،انکی جائیدد کی تحقیقات کی جائے‘‘۔