سرینگر // جموں و کشمیر کے سابق وزیراعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ”جنگجو تنظیموں کے ذریعہ مین اسٹریم سیاست دانوں کو نشانہ بنانے کا نیا رجحان انتہائی تشویشناک ہے“۔
عمر نے یہ بات جمعرات کو جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے دیوسر علاقے میں جنگجوﺅں کے ہاتھوں’ اپنی پارٹی‘ کے کارکن غلام حسن لون کی ہلاکت پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہی۔
لون کو گزشتہ شام ان کی رہائش گاہ کے باہر گولی مار کر ہلاک کردیا گیا۔
”جنوبی کشمیر کے دیوسر علاقے میں غلام حسن لون کے قتل کے بارے میں سن کر بہت افسوس ہوا۔ جنگجو تنظیموں کے ذریعہ مین اسٹریم سیا ست دانوں کو نشانہ بنانے کا یہ نیا رجحان انتہائی تشویشناک ہے اور میں اس کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہوں“، عمر نے ٹویٹ کیا۔
ایک علیحدہ بیان میں ، نیشنل کانفرنس کے ترجمان نے کہا کہ پارٹی’اپنی پارٹی‘ کے رہنما کے وحشیانہ قتل کی مذمت کرتی ہے‘۔