پلوامہ// پلوامہ کیلر شوپیان روڑ پر پیر کو جنگجوؤں نے جموں وکشمیر بینک کی ایک کیش وین پر اندھا دھند فائرنگ کرکے بینک سے وابستہ دو پرائیویٹ سیکورٹی گارڈوں کو ہلاک کرکے 2 بارہ بور بندوقیں اڑالیں۔ یہ واقعہ شوپیان کے پوجو کیلر میں پیش آیا ،تاہم اس وقت کیش وین میں کوئی رقم موجود نہیں تھی، واقعہ میں ایک بینک ملازم زخمی ہوا۔پولیس نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سہ پہر کو شادی مرگ سے کیلر شوپیان کی طرف بغیر کوئی کیش ایک سکارپیو کیشن وین جاری تھی جس کے دوران جنگجوئوں نے وین پر پوجو کیلر کے نزدیک اس پر اندھا دھند فائرنگ کی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کیش وین بلٹ پروف تھی تاہم جنگجوئوں کی طرف سے اندھا دھند فائرنگ کے باعث سکارپیو الٹ گئی جس کے بعد جنگجوئوں نے اسکا دروازہ کھولا اور اندر موجود ایک پرائیویٹ سیکورٹی کمپنی سے وابستہ اور بینک ملازم پر فائرنگ کی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے دونوں بینک گارڈ موقعہ پر ہی ہلاک ہوئے تاہم انہیں پلوامہ ضلع اسپتال پہنچانے کی کوشش کی گئی البتہ وہ تب تک دم توڑ چکے تھے۔پولیس نے مزید بتایا کہ اس واقعہ میں بینک کا ایک ملازم وقار احمد زخمی ہوا تاہم اسکی حالت مستحکم ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ جس وقت یہ حملہ کیا گیا اس وقت کیش وین میں دو گارڈ، ایک ملازم اور ڈرائیور گاڑی میں موجود تھے البتہ کوئی کیش نہیں تھا۔پولیس نے کہا ہے کہ جنگجو سیکورٹی گارڈوں سے 2بارہ بور بندوقیں اڑا لے گئے۔واقعہ کے بعد آس پاس کے علاقوں میں تلاشی کارروائی بھی کی گئی۔مارے گئے بینک گارڑوں کی شناخت 30 سالہ مشتاق احمد ساکن کھندرو شانگس اننت ناگ اور 25 سالہ طارق احمد ساکن زاسو تملہال پلوامہ کے بطور ہوئی ہے۔یہ وادی کشمیر میں رواں برس اپنی نوعیت کا دوسرا واقعہ ہے۔ یکم مئی کو جنگجوؤں نے ضلع کولگام کے پومبئی نامی گاؤں میں جموں وکشمیر بینک کی کیش وین پر اندھا دھند فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں ریاستی پولیس کے 5 اہلکار اور بینک کے 2 ملازم جاں بحق ہوگئے تھے ۔ مسلح حملہ آور مارے گئے پولیس اہلکاروں کے ہتھیار بھی اڑا کر لے گئے تھے۔
جے کے بنک چیئرمین کا رنج و غم
سرینگر//جے کے بنک چیئرمین و سی ای او پرویز احمد نے کیلر شادی مرگ راستے میں بنک کی نقدی وین کی حفاظت پر مامورسیکورٹی گارڈز کے جان بحق ہونے پر گہرے رنج وغم کااظہار کیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ’’یہ ایک دردناک خبر ہے اور ہم جے کے بنک سیکورٹی گارڈز مشتاق احمد اور طارق احمد کی اموات پر انتہائی صدمے میں ہیں جنہیں نامعلوم مسلح افراد نے اپنی گولیوں کا شکار بنایا ۔میں دل کی گہرائیوں سے اس غم میں متاثرین کے ساتھ شریک ہوں اور تمام ہمدردیاں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں ۔میں دیگر تین سیکورٹی گارڈز کی فوری صحتیابی کیلئے دعا گو ہوں جو اس سانحے میں زخمی ہوئے ہیں۔میں یہاں کہتا چلوں کی یہ معصوم گارڑز اپنی ڈیوٹی انجام دے رہے تھے تاکہ لوگوں کی رقم کی حفاظت کرسکیں اور اس طرح کے المناک حادثے عام لوگوں کیلئے مشکلات پیدا کرتے ہیں اور ان علاقوں میں لوگوں کی خدمات بہم پہنچانے میں ہمارے لئے رکاوٹیں پیدا کرتے ہیں ۔دریں اثناء چیئرمین نے سوگوار کنبوں کو بنک کی طرف سے ہر ممکن تعاون بہم رکھنے کا یقین دلایا۔انہوں نے کہاکہ انسانی جان انمول ہے اور اس کے نقصان کو کسی بھی طرح پورا کیا جاسکتا ہے تاہم متاثرہ کنبے مکمل طور مالی اورجذباتی طور مدد کے مستحق ہیں اور کیونکہ انہوں نے اپنے کفیلوں کو کھویا ہے ،یہ بات قابل ذکر ہے کہ دونوں گارڑ ایک پرائیویٹ فرم ’’پرفکٹ پلیسمنٹ ‘ کے ملازم تھے