سوپور // سوپور میں جنگجوؤں کا ایک مبینہ اعانت کار پولیس حراست سے فرار ہوگیا ہے۔ معراج الدین خان عرف معروف ساکن نیو کالونی سوپور پولیس تھانہ سوپور میںزیر حراست تھا جو فرار ہوگیا ہے۔ معراج الدین کو سوپور پولیس نے 4 روز قبل ایک چیکنگ پوائنٹ پر گرفتار کیا تھا۔ پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ معراج الدین جنگجوؤں کا بالائی زمین ورکر ہے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ تھانے سے فرار ہونے والے معراج الدین کو ڈھونڈ نکالنے کی کارروائی شروع کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا ’مختلف مقامات پر قائم چیکنگ پوائنٹس کو متحرک کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ مشتبہ جگہوں پر چھاپے مارے جارہے ہیں‘۔ایس پی سوپور جاوید احمد نے بتایا ’ہم تفصیلات اکٹھا کررہے ہیں کہ معراج الدین کیسے پولیس حراست سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا‘۔ چند ماہ قبل عبدالمجید میر نامی ایک نوجوان بومئی سوپور میں پولیس کی حراست سے فرار ہوگیا تھا۔ فرار ہونے کے بعد عبدالمجید نے لشکر طیبہ کی صفوں میں شمولیت اختیار کی تھی اور گذشتہ ماہ تجر سوپور میں ہونے والے مسلح تصادم میں اپنے ایک اور ساتھی کے ساتھ مارا گیا۔