مظفر آباد//متحدہ جہاد کونسل چیئرمین سید صلاح الدین نے کہا ہے کہ تحریک آزادی کشمیر پر جانیں نچھاور کرنے والے اور ان کے وارث کشمیری عوام کے جنون آزادی کو ختم کرنا درکنار ،اسے کمزور کرنا بھی فورسز کیلئے نا ممکن ہے ۔ایک پریس بیان کے مطابق صلاح الدین نے ان خیالات کا اظہارجہاد کو نسل کے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ بہتر ہے کہ بھارتی قیادت نوشتہ دیوار پڑھ لے ،ورنہ یہ جنون بھارت کے اپنے وجود کیلئے بھی انتہائی مہلک ثابت ہوگا۔انہوں نے عسکریت پسندوں جنید متو، عادل مشتاق میر، نصیر احمد وانی اور نہتے عام شہری 34سالہ محمد اشرف، 14 سالہ احسن ڈاراور بانڈی پورہ کے نصیر احمد شیخ کو زبردست خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کا خون رائیگاں نہیں جائیگا ۔ صلاح الدین نے کہا کہ پوری کشمیری قوم اس وقت بھارتی فورسز کے خلاف جانوں کی پرواہ کئے بغیر مقابلہ کررہی ہے اور کسی بھی قسم کے جبر اور طاقت کو اہمیت دئیے بغیر اپنی آزادی کی جنگ لڑرہی ہے ،ان حالات میں بھارتی قیادت کو نوشتہ دیوار پڑھنے کی ضرورت ہے ،اگر انہوں نے حالات کی نزاکت سمجھنے میں زیادہ دیر کی تو اس کے نتائج بہت سنگین ہونگے۔ صلاح الدین نے عسکریت پسندوں کی حفاظت کیلئے ،نہتے عوام کے جذبہ عشق کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس بات کا انہیں یقین دلایا کہ جنگجو بھی ان کے اعتماد پر پورا اتریں گے اور ان شا ء اللہ حصول منزل تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔اجلاس میں شہداء کی بلندی درجات اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی گئی۔