سرینگر//ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی،ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن، نیشنل فرنٹ،دختران ملت، پیپلز لیگ ، پیپلزپولٹیکل فرنٹ، اتحاد المسلمین،انجمن شرعی شیعیان،سالویشن مومنٹ،ووئس آف وکٹمز،ڈیموکریٹک پولٹیکل مومنٹ ، مسلم کانفرنس ،ا نٹرنیشنل فورم فار جسٹس ، تحریک استقامت ، ینگ مینز لیگ ،پیپلزپولٹیکل پارٹی، تحریک مزاحمت اورپیروان ولایت نے جنوبی کشمیر میں فورسز کے ہاتھوں خونین واقعہ کے دوران ہلاکتوں اوربھاری تعداد میں عام لوگوں کے زخمی ہونے پر صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ’ ہمارے نوجوانوں کو تہہ تیغ کیا جارہا ہے کیونکہ اُن کا واحد گناہ یہ ہے کہ وہ بھارت سے آزادی چاہتے ہیں‘۔ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر جاری صورتحال کوفوری طور پر مناسب طریقے سے ایڈریس نہیں کیا گیا توحالات کسی کے بھی قابو سے باہر ہوسکتے ہیں۔ پارٹی کے سیکریٹری جنرل مولانا محمد عبد اللہ طاری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کشمیر میںتازہ ہلاکتوں اور لوگوں کے زخمی ہونے سے ہر ذی شعور انسان کا دل خون کے آ نسو رو رہا ہے کیونکہ کشمیریوں کا قتل عام ایک نہیں تو دوسرے بہانے جاری ہے۔مولانا طاری نے شوپیان اور اننت ناگ اضلاع میں نوجوانوں کی ہلاکتوں اور کافی تعداد میں زخمی ہونے پر صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمارے بہادر نوجوان آزادی کی راہ میں اپنا سب کچھ نچھاور کررہے ہیں‘۔انہوں نے کہا کہ وردی پوش اہلکاروں کے ہاتھوں نہتے لوگوں کو گولیوں اور پیلٹوں سے بے دردی سے قتل یا زخمی کرنا انتہائی تشویشناک معاملہ ہے جس نے ہر کشمیری کو مجروح کر رکھا ہے۔ انہوںنے کہا کہ اگر تنازعہ کشمیرکو فوری طور پر اور مناسب طریقے سے ایڈریس نہیں کیا گیا تو یہاں کے حالات سنگین رُخ اختیار کرسکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ہلاکتوں کا سلسلہ جلد سے جلد نہیںروکا گیا تو حالات کسی کے بھی قابو میں نہیں آسکتے ہیں۔مولانا طاری نے عالمی سطح پر سرگرم انسانی حقوق کے اداروں پر زور دیا کہ وہ فورسز کے ہاتھوں جموں کشمیر، خاص کر وادی کے اندر ہورہی حقوق البشر کی سنگین پامالیوں کا سنجیدہ نوٹس لیں۔ کشمیر بار ایسوسی ایشن نے دیالگام اننت ناگ اور شوپیان میں ہوئی ہلاکتوں پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ فوج،سی آر پی ایف ،پولیس او ر ایس او جی نے مشترکہ کاروائی کے دوران ایک درجن سے زائد کشمیری افراد کو جان بحق کیا ہے جبکہ دیگر سینکڑوں کو زخمی کیا گیا ۔بار ایسوسی ایشن نے فوج اور فورسز کے ہاتھوں ہوئی ان ہلاکتوں کو بربریت کا عکاس عمل قرار دیا جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔بار ایسوسی ایشن نے اقوام عالم سے کشمیریوں کی حالت زار کا سنجیدہ ونوٹس لینے اور بھارت پر اپنی فوج کو لگام دینے کیلئے زور ڈالنے کا مطالبہ کیا ۔بار ایسوسی ایشن نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مسئلہ کشمیر حل کرنے کیلئے بھارت پر دباﺅ ڈالنے پر بھی زودیا ۔ دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی نے کہا ہے کہ بھارتی فوج آج ایک اور قتل عام کی مرتکب ہوئی ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اس نازک موقعہ پر مزاحمتی قیادت کو اس کا مقابلہ کرنے کے لئے مناسب منصوبہ ترتیب دینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مزاحمتی قیادت کی ذمہ داری ہے کہ وہ قربانیوں کی حفاظت کرے اور مزاحمتی تحریک کو منطقی انجام تک پہنچائیں۔ آسیہ اندرابی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کشمیر اور خطہ چناب میں دو دنوں کے لئے ہڑتال کریں اورسوگواروں سے تعزیت کے لئے شوپیاں مارچ کریں۔ اُنہوں نے شوپیان میں جاں بحق ہوئے نوجوانوں کے ساتھ یوم یکجہتی منانے کے اعلان پر پاکستانی زیرانتظام کشمیر کے وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر کا شکریہ ادا کیا ہے۔نیشنل فرنٹ نے تازہ ہلاکتوں اور نہتے شہریوں کو زخمی کئے جانے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ہمارے نوجوانوں کو تہہ تیغ کیا جارہا ہے کیونکہ اُن کا واحد گناہ یہ ہے کہ وہ بھارت سے و¿زادی چاہتے ہیں‘۔نیشنل فرنٹ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ فورسز اور اُن کے مقامی آلہ کار ہر گلی اور ہر نکڑ پر ہمارے لخت جگروں کا خون اس لئے بہا رہے ہیں تاکہ جو تحریک آزادی یہاں دہائیوں سے جاری ہے اُس کو کسی طرح ختم کیا جاسکے لیکن کشمیریوں نے بار بار اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ وہ اپنے سیاسی حقوق کو لیکر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے اور جب تک بھارت یہاں رہنے والی اکثریت کا سیاسی مطالبہ تسلیم نہیں کرتا اس وقت تک قیام امن اور سیاسی استحکام کا خواب پورا نہیں ہوسکتا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ مظاہرین پر گولیاں اور پیلٹ برسانا ایک ظالمانہ اقدام ہے اور یہ اقدام بھارتی فورسز کی شناخت بن گئی ہے۔پیپلز لیگ نے جنوبی کشمیر میں خونین معرکہ آرائیوں کے دوران جاں بحق ہوئے جنگجوﺅں اور عام شہریوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ’ ہمارے یہ سرفروش قوم کو بھارت سے آزاد کرانے کیلئے اپنی قیمتی جانیں قربان کر رہے ہیں“ ۔موصولہ بیان کے مطابق لیگ کے قائمقام چیرمین سید محمد شفیع نے جاں بحق ہوئے جنگجوﺅں اور عام شہریوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ’ ہمارے نوجوان اپنا خون دیکر تحریک آزادی کو سینچ رہے ہیں اور ہم پر یہ ذمہ داری ڈال دیتے ہیں کہ ہم ان کے مقدس مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں ‘۔ پیپلزپولٹیکل فرنٹ چیئرمین محمد مصدق عادل نے جنوبی کشمیر کے خونین واقعات پررنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر چہ یہ اہلِ کشمیر کے لئے مجموعی طور انتہائی دکھ اورصدمے کی بات ہے تاہم قوم کو اس بات پر فخر ہونا چاہئے کہ ’ہماری اس نوجوان پود کی رگوں میں وہ زندہ اور باغیرت لہو ابھی تک روان ہے جس سے یقینی طور ایک دن آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔ اتحاد المسلمین نے جاں بحق ہوئے جنگجوﺅں اور عام شہریوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں تنظیم کے سربراہ مولانا محمد عباس انصاری نے معرکہ آرائیوںکے بعد عام شہریوں پر راست فائرنگ کے واقعات کو قتل عام سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے کشمیر میں ظلم و بربریت کی تمام حدیں پار کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو خون و خاک میں غلطاں کرنا جمہوری اقدار کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے جس سے بھارتی جمہوریت کی پول کھل جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت بہانے تراش کر مذاکرات سے دوری اختیار کررہا ہے اور کشمیری قوم کی نسل کشی کرکے اس مذموم اور ناقابل برداشت عمل کو آپریشن آل آوٹ کا نام دے رہے ہیں۔انصاری نے کہا کہ کشمیر کی سرزمین کو قبرستان میں تبدیل کرنے والے بھارت کا کوئی جواز نہیں بنتا کہ وہ عالمی ایوانوں میں جمہوریت کا ڈھنڈورا پیٹے۔انصاری نے اقوام عالم کی خاموشی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر بیان بازیوں کے بجائے عملی اقدامات کئے جائیں۔انجمن شرعی شیعیان نے رنج و غم کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست خصوصاً وادی میں بے گناہ لوگوں کا قتل عام برابر جاری ہے اور یہ خون کی ہولی کہیں دہائیوں سے کھیلی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے بنیادی حق خود ارادیت کے حصول کے لئے محو جدوجہد ہیں اورجب تک مسئلہ کشمیر کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل نہیں کیا جاتا تب تک بے گناہ لوگوں کا قتل عام جاری رہنے کا خدشہ ہے۔سالویشن مومنٹ نے شوپیان میں عام لوگوں پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے عالمی اداروں سے اپیل کی کہ وہ کشمیریوں کو تحفظ فراہم کرنے کیلے فوری اقدامات کریں ۔دریں اثناءسالویشن مومنٹ کا وفد صدر اور برزلہ ہسپتال گیا جہاں انہوںنے زخمی افراد کی عیادت کی۔ووئس آف وکٹمزکے کوارڈی نیٹرعبدالرﺅف خان نے جنوبی کشمیر کے خونین واقعات کو اقوام عالم کیلئے چشم کشا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل اورہیومن رائٹس واچ سمیت دیگر بین الاقوامی اداروں کو کشمیر میں جاری قتل عام کا سنجیدہ نوٹس لینا چاہئے۔ڈیموکریٹک پولٹیکل مومنٹ کے چیئرمین فردوس احمد شاہ نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمارے نوجوان تحریک آزادی کی راہ میں بے مثال قربانیاں پیش کررہے ہیں،جن کی حفاظت کرنا قوم کی اجتماعی ذمہ داری ہے‘ ۔ مسلم کانفرنس کے ایک دھڑے کے چیئرمین شبیر احمد ڈار ، ینگ مینز لیگ کے چیئرمین امتیاز احمد ر یشی ،ا نٹرنیشنل فورم فار جسٹس کے چیئرمین محمد احسن اونتو اور تحریک استقامت کے چیئرمین غلام نبی وار نے اپنے مشترکہ بیان میںجنوبی کشمیر کی خونین معرکہ آرائیوںکے بعد عام شہریوں پر فورسز کی اندھا دھند فائرنگ کی مذمت کی ہے ۔پیپلزپولٹیکل پارٹی کے چیئرمین انجینئرہلال احمدوارنے کشمیری نوجوانوں کے قتل عام کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ فوج اورفورسزنے وادی بھرمیں کشت وخون کابازارگرام کررکھاہے ۔انہوں نے الزام لگایاکہ کشمیری قوم کی نسل کشی کیلئے بھارت نے کشمیرمیں جنگ چھیڑدی ہے اوراب روزانہ سرزمین کشمیرکونوجوانوں کے لہوسے لالہ زاربنایاجاتاہے ۔انہوں نے شوپیان اوراسلام آبادمیں تین مقامات پرایک درجن کے لگ بھگ جنگجونوجوانوں اورمعصوم شہریوں کے جاں بحق اوردرجنوں دیگرشہریوں کے زخمی ہوجانے کوقومی سانحہ قراردیا۔تحریک مزاحمت کے شبیر احمد زرگرنے شوپیان واقعہ کو کشمیریوں کی نسل کشی سے تعبیر کرتے ہوئے کہا ہے کہ سمجھ میں نہیں آرہا ہے کہ اقوام متحدہ اور دیگر عالمی ادارے کب نیند سے جاگیں گے ۔پیروان ولایت نے جنوبی کشمیر کی صورتحال کو دردناک قرار دیتے ہوئے اقوام عالم سے مطالبہ کیا کہ بھارت پر دباﺅ ڈالیں کہ وہ مسئلہ کشمیر حل کرنے کے سلسلے میں اقدامات کرے۔