سرینگر//پولیس نے جمعہ کو کہا کہ جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں بجبہارہ کے سرہامہ علاقے میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ معرکہ آرائی کے دوران لشکر طیبہ سے وابستہ دو جنگجو جاں بحق ہوگئے۔
ایک بیان میں پولیس نے کہا کہ سرہامہ میں گذشتہ شام دیر گئے معرکہ آرائی شروع ہوئی تھی جس کے دوران دو جنگجو جاں بحق ہوگئے جن کی شناخت ابھی نہیں ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق جائے تصادم پر اسلحہ و گولہ بارود بر آمد کیا گیا ہے۔
یہ معرکہ آرائی گذشتہ شام دیر گئے اُس وقت شروع ہوئی تھی جب پولیس ،فوج اور سی آر پی ایف نے مشترکہ طور سرہامہ میں تلاشی آپریشن شروع کیا۔
آپریشن کے دوران طرفین کا آمنا سامنا اور گولیوں کا تبادلہ ہوا جو دو جنگجوﺅں کی ہلاکت پر رک گیا۔
پولیس نے تاہم کہا کہ علاقے میں تلاشی آپریشن جاری ہے۔