سرینگر//جنوبی کشمیر کے کھنہ بل اننت ناگ کی ایک45خاتون، جس کا کورونا ٹیسٹ رپورٹ مثبت آیاتھا، سنیچر کوفوت ہوگئی۔اس طرح جموں کشمیر میں مہلک کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد93تک بڑھ گئی۔
سکمز صورہ کے میڈیکل سپر انٹنڈنٹ پروفیسر فاروق جان نے خبر رساں ایجنسی جی این ایس کو بتایا کہ بٹینگو کھنہ بل کی خاتون ہائی بلڈ پریشر اور ذیابطیس کی مریضہ تھی۔وہ آج صبح11بجے انتقال کرگئی۔مذکورہ خاتون سے کورونا ٹیسٹ کیلئے25جون کو نمونہ لیا گیا تھا جس کی رپورٹ26جون کومثبت آگئی۔
اس سے قبل آج صبح شمالی کشمیر کے سوپور علاقے کی ایک 70سالہ خاتون کورونا کی وجہ سے لقمہ اجل بن گئی۔
ابھی تک جموں کشمیر میں کورونا کی وجہ سے مرنے والوں کی تعداد93ہوگئی ہے جن میں82 اموات وادی کشمیر جبکہ11صوبہ جموں میں ہوئی ہیں۔
وادی میں سب سے زیادہ22اموات سرینگر میں ہوئیں جس کے بعد بارہمولہ، کولگام، شوپیان وغیرہ کا نمبر آتا ہے۔