سرینگر/پولیس نے بدھ کو جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں ایک مجسٹریٹ پر فوج کے مبینہ حملے کو لیکر ایف آئی آر درج کرلیا۔
سب ڈویژنل مجسٹریٹ (ایس ڈی ایم) ڈورو اننت ناگ، غلام رسول وانی پر مبینہ طور فوجی اہلکاروں نے گذشتہ روز حملہ کرکے مارا پیٹا اور اُن کی سرکاری گاڑی کو نقصان پہنچایا۔
یہ واقعہ قاضی گنڈ کے اُجرو علاقے میں سرینگر۔جموں شاہراہ پر منگل کو پیش آیا۔
وانی کے مطابق وہ الیکشن سے متعلق ایک میٹنگ میں شرکت کی غرض سے ویسو جارہے تھے جب فوجی اہلکاروں نے اُنہیں روک کر اُن پر حملہ کیا اور پولنگ کا سامان بھی تہس نہس کرکے چھین لیا۔
ایس پی کولگام گورندر پال سنگھ نے اس بات کی تصدیق کی کہ واقعہ کولیکر پولیس سٹیشن قاضی گنڈ میں کیس درج کرلیا گیا ہے۔