پلوامہ//جنوبی کشمیر کے باقی علاقوں کے ساتھ ساتھ پلوامہ اور شوپیان اضلاع میںشدید برف باری کے نتیجے میں بیشتر رابطہ سڑکیں بند ہیں جبکہ اکثر علاقوں میں بجلی سپلائی بھی گزشتہ روز سے ہی منقطع ہے۔ اضلاع کے میدانی علاقوں میںتقریباً 8سے 15انچ جبکہ پہاڑی علاقوں میں 2سے4فٹ برف جمع ہوئی ہے۔ برف باری کی وجہ سے رابط سڑکیں برف سے ڈھک گئی ہیں اور بیشتر سڑک رابطہ منقطع ہونے کے بعد آبادی اپنے گھروں کے اندر محصور ہو کر رہ گئی ہے ۔
محکمہ آر اینڈ بی کے اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئرترال اشتیاق احمد نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ سڑکوں سے برف ہٹانے کا کام صبح سویرے سے جاری ہے۔انہوں نے بتایا” پہلے بڑی سڑکوں اور اسکے بعد لنک روڑ صاف کئے جائیں گے۔ امید ہے کہ موسم صاف رہنے کی صورت میں شام تک 80فیصد سڑکوں کو قابل آمد ورفت بنایا جائے گا“۔
ادھر جنوبی کشمیر کے سب ضلع ترال کو جانے والی ہائی ٹنشن لائن میں گزشتہ روز فالٹ آنے کی وجہ سے ترال کے120گاوں گھپ اندھیرے میں ڈوب گئے ہیںجبکہ شدید برف باری کی وجہ سے بجلی کا ترسیلی نظام بھی تہس نہس ہوا ہے۔ایگزیکٹیو انجینئر پی ڈی ڈی اونتی پورہ محمد الطاف نے بتایا ”بجلی سپلائی کی بحالی کام آج صبح سویرے سے شروع کیا گیا ہے“۔ انہوں نے بتایا کہ قصبہ کے فیلڈرکے جلدبحال ہونے کا امکان ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ33KVلائن میں فالٹ آنے کی وجہ سے بجلی سپلائی متاثر ہے جس پر کام چالو ہے۔ محکمہ کے ایک اور افسر کے مطابق آری پل میں پولیس اسٹیشن تک بجلی سپلائی کو بحال کیا گیا ہے۔
ادھرضلع پلوامہ کے میدانی علاقوں میں اتوار کی شام تک بجلی بحال تھی تاہم دوران شب ہوئی برف باری کے بعد بیشتر علاقوں میں بجلی سپلائی متاثر ہے جبکہ پہاڑی علاقے گزشتہ صبح سے ہی گھپ اندھیرے میں ہےں تاہم ضلع میںسڑکوں سے برف ہٹانے کا کام شروع کیا گیا ہے۔
شوپیان میں کشمیر عظمیٰ کے نمائندے شاہد ٹاک کے مطابق ضلع کے میدانی علاقوں میں2جبکہ پہاڑی علاقوں میں 4سے5فٹ برف جمع ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔آج صبح تک قصبہ میں بجلی بحال تھی تاہم پہاڑی علاقوں میں گزشتہ شام سے ہی بجلی سپلائی منقطع ہے۔ ضلع میں آخری اطلاعات موصول ہونے تک برف باری جاری تھی۔