سرینگر/قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے بدھ کو جنوبی کشمیر میں سرگرم جیش محمد کے جنگجوئوں کے گھروں پر چھاپے مارے ہیں۔
ذرائع نے کہا کہ یہ چھاپے اونتی پورہ علاقے میں مارے گئے جہاں چند جیش جنگجو ئوں کے گھر واقع ہیں۔
ذرائع نے کہا کہ پولیس اور فورسز کے ہمراہ این آئی اے اہلکاروں نے مدثر خان اور منظور ملک ساکنان اونتی پورہ کے مکانوں پر چھاپے مارے اور تلاشیاں لیں۔
ذرائع نے مزید کہا کہ این آئی اے نے مرہامہ، بجبہاڑہ کے رہنے والے سجاد احمد کے گھر پر چھاپہ مارا۔۔سجاد پر الزام ہے کہ اُسی نے جیش سے وابستہ خود کُش جنگجو، عادل احمد کو گاڑی فراہم کی تھی جس نے 14فروری کو لیتہ پورہ کے نزدیک فورسز گاڑی کو نشانہ بناکر کم سے کم40اہلکاروں کو ہلاک کردیا۔
قابل ذکر ہے کہ این اے آئی نے گذشتہ روز علیحدگی پسند لیڈروں بشمول میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک کے گھروں پر بھی چھاپے مارے تھے۔