سرینگر/ہزاروں لوگوں نے جمعہ کو جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں جاں بحق تین جنگجوﺅں کی آخری رسومات میں حصہ لیا۔
تین مقامی جنگجو گذشتہ روز ترال کے گلشن پورہ نامی علاقے میں فورسز کے ساتھ معرکہ آرائی میں جاں بحق ہوئے تھے۔
عینی شاہدین نے کہاکہ چرسو اونتی پورہ میں دو مقامی جنگجوﺅں کی آخری رسومات میں لوگوں کی ایک بھاری تعداد نے حصہ لیا۔
عینی شاہدین کے مطابق توصیف احمد ٹھوکر اور زبیر احمد بٹ کی کئی بار نماز جنازہ ادا کی گئی۔
اسی طرح لاری بل ترال میں بھی شکور احمد پرے نامی جاں بحق جنگجو کی آخری رسومات میں لوگوں کی ایک بھاری تعداد نے حصہ لیا۔
شکور کی بھی کئی بار نماز جنازہ ادا کی گئی جس کے دوران وہاں مسلح جنگجو نمودار ہوئے اور اُنہوں نے ہوا میں گولیوں کے کئی راﺅنڈ چلائے۔
دریں اثناءمتعلقہ علاقے میں مکمل ہڑتال کی وجہ سے معمولات ٹھپ ہیں اورحکام نے انٹرنیٹ سروس معطل کر کھی ہے۔