سرینگر/جنوبی کشمیر کے بجبہارہ علاقے میں منگل کی صبح جنگجوئوں اور فورسز کے مابین ہوئی تازہ معرکہ آرائی کے نتیجے میں اب تک2جنگجو اور ایک فوجی اہلکار جاں بحق جبکہ دو فوجی زخمی ہوئے ہیں۔
یہ معرکہ آج صبح ضلع اننت ناگ میں بجبہارہ کے مرہامہ علاقے میں پیش آیا جو آخری اطلاعات ملنے تک جاری تھا۔
خبر رساں ایجنسی جی این ایس نے حکام کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ ابھی تک اس معرکہ آرائی میں دو جنگجو اور ایک فوجی جاں بحق ہوئے ہیں ۔
جو فوجی اہلکار جاں بحق ہوا ہے وہ اُن تین اہلکاروں میں شامل تھا جو معرکہ کے دوران زخمی ہوئے تھے تاہم وہ اسپتال میں دم توڑ بیٹھا جبکہ باقی ماندہ دو اہلکاروں کا علاج جاری ہے۔
اس سے قبل جنگجوئوں اور فورسز کے مابین معرکہ اُس وقت شروع ہوا جب فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر تلاشی آپریشن شروع کیا۔
یہ جھڑپ اننت ناگ ضلع کے ہی اچھہ بل علاقے میں ہوئی جھڑپ کے محض24گھنٹے بعد ہوئی جس میں ایک جنگجو اور ایک فوجی آفیسر جاں بحق ہوئے تھے۔