سرینگر// فریڈم پارٹی، پیپلزپولٹیکل فرنٹ،جے کے ایل ایف (آر ) ،مسلم خواتین مرکزحریت کانفرنس جے کے اور دیگر کئی علیحدگی پسند جماعتوں نے اپنے الگ الگ بیانوں میںکنگن کے گوہر احمد اورشوپیاںہلاکتوں کشمیریوں کی نسل کشی سے تعبیر کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے اپیل کی ہے کہ وہ کشمیر کیلئے اپناخصوصی نمائندہ مقرر کرے۔ ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی کے سیکریٹری جنرل مولانا محمد عبد اللہ طاری نے کہاکہ بھارتی فورسز کشمیریوں کا قتل عام کررہی ہے اس لئے عالمی ادارے کو محض زبانی جمع خرچ چھوڑ کر کشمیر تنازع کے حل کی خاطر عملی اقدامات کرنے چاہیں۔انہوں نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کو راضی کرائے تاکہ اقوام متحدہ مبصرین کی ایک ٹیم کشمیر آکر انسانی حقوق سے متعلق فیکٹ فائنڈنگ مشن انجام دے۔انہوں نے متنازع خطے کے اطراف و اکناف میں بڑھتے بھارتی مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فورسز اور ان کے آلہ کاروں کی وہ کوششیں کامیاب نہیں ہونگی جو وہ کشمیری عوام کی مبنی بر حق جد و جہد کو مٹانے کیلئے انجام دے رہے ہیں۔ جے کے ایل ایف (آر ) کے سرپرست اعلیٰ بیرسٹر عبدالمجید ترمبو،وائس چیرمین ایوب راٹھور اور جنرل سیکریٹری نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ فورسز بوکھلاہٹ کے عالم میں نوجوانوں کے خلاف بندوق کے دہانے کھول کر ریاست کو ایک بڑے قبرستان میں تبدیل کرنے کے اپنے منصوبے پر عمل درآمد کررہی ہے۔انھوں نے اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں نہتے عوام کے قتل عام کو روکنے کے لئے اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ پیپلزپولٹیکل فرنٹ کے چیرمین محمد مصدق عادل نے جنوبی کشمیر سے لیکر کنگن تک22 نوجوانون کا قتلِ عام اور سینکڑوں کو زخمی کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بڑی ستم ظریفی یہ ہے کہ ایک طرف حق و انصاف کے طلبگار اہل کشمیر کے خلاف بھارتی فورسز کی طرف سے انسانیت سوز رویہ مسلسل جاری ہے اور وہاں دوسری طرف اقوام متحدہ اور اس کے رُکن ممالک اس خونین منظر کا نظارہ کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ صورت حال اس بات کا عندیہ دے رہے ہیں کہ وقت اب دور نہیں جب اہل کشمیر کے ساتھ بھارت کی طرف سے ہورہی زیادتیاں اورحق تلفیاں ایشیاءمیں ایک بھیانک تباہی کا منظر پیش کرے گی جو بعد میں یقینی طور ایک اور عالمی جنگ کا پیش خیمہ بھی ثابت ہوگا۔ جسکا ذمہ دار نہ صرف بھارت ہی ہوگا بلکہ اقوام متحدہ کی کشمیر کے حوالے سے موجودہ غفلت شعاری بھی اسکی ذمہ دار ہوگی۔ مسلم خواتین مرکز کی ترجمان نے پارٹی چیئرپرسن یاسمین راجا کی تین دنوں سے نظربندی کی سخت الفاظ کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے انہیں شوپیاں جانے سے بھی روکا ۔ دوران نظر بندی یاسمین راجا نے شوپیاں سمیت کنگن میں عام نہتے شہریوں کی فورسز کے ہاتھوں ہلاکتوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ظلم بربریت سے کشمیر کے جائز آواز حق خودارادیت کو دبایا نہیں جاسکتا نہ انہیں دستبردار کیا جا سکتا ہے ۔حریت کانفرنس جے کے میں شامل مسلم کانفرنس کے چیرمین شبیر احمد ڈار ،محاز آزادی کے صدر محمد اقبال میر ،انٹرنیشنل فورم فار جسٹس کے چیرمین محمد احسن اونتو،ینگ مینز لیگ کے چیرمین امتیاز احمد ریشی،اور تحریک استقامت کے چیرمین غلام نبی وار نے اپنے مشترکہ بیان میںکنگن کے گوہر احمد سمیت شوپیاں میں فورسز کے ہاتھوں بے گناہ افراد کی ہلاکت کو قتل نہ حق اور کشمیریوں کی نسل کشی سے تعبیر کرتے ہوئے اس کی زبردست الفاظ میں مذمت کی ۔انہوںنے کہا فورسز کشمیر میں انسانی جانوں کی قدر قیمت بھول چکے ہیں اور کالے قوانین کی آڑ میں ہر روز کسی نہ کسی بے گناہ افراد کی جان لیتے ہیں ۔محاذ آزادی کے قطب عالم نے شوپیان اور کنگن میں پیش آئی ہلاکتوں پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان ہلاکتوں سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ بھارت نظریاتی طور پر کشمیری عوام کا مقابلہ کرنے کے اہل نہیں ہے۔ اس لئے ظلم و تشدد برپا کرکے لوگوں کو خاموش کرانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قربان کشمیری قوم کا سرمایہ رائیگان نہیں ہوں گی بلکہ ان سے کشمیریوں کو بالآخر اپنی منزل حاصل ہوگی۔