سرینگر//پولیس نے جمعہ کو کہا کہ جنوبی ضلع کولگام میں ایک خاتون سپیشل پولیس آفیسر (ایس پی او) کو ملی ٹنسی کو بڑھاوا دینے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ گرفتار شدہ خاتون کو نوکری سے بھی بر طرف کیا گیا ہے۔
	پولیس کے مطابق فورسز نے 14 اپریل کو کریوا محلہ فرصل کولگام کا محاصرہ کیا اور تلاشی آپریشن عمل میں لایا۔اس دوران فورسز پارٹی کو سائمہ اختر دختر غلام نبی راہ نامی ایک خاتون نے روکا اور ان کے کام میں رخنہ ڈالا۔ 
	پولیس کے مطابق مذکورہ خاتون فورسز کے کام میں مزاحم ہوئی اور تشدد پر اتر آئی۔ خاتون نے پولیس کے مطابق ایسی باتیں بھی کیں جن سے ملی ٹنسی کو بڑھاوا ملتا ہے۔
	پولیس کے مطابق خاتون نے اپنے ذاتی موبائیل سے ویڈیو ریکارڈنگ بھی کی اور اس کو سوشل میڈیا پر شیئر کیا تاکہ بقول پولیس تلاشی آپریشن میں خلل ڈالا جاسکے۔پولیس نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے خاتون کو گرفتار کرکے اس کو نوکری سے بر طرف کیا۔