سرینگر//جنوبی ضلع پلوامہ کے تملہ ہال گاوں میں ایک فوجی اہلکار کا بھائی لاپتہ ہوا ہے اور گھروالوں نے اس کے واپس لوٹنے کی اپیل کی ہے۔
اس کے گھریلو ذرائع کے مطابق ڈگری کالیج پلوامہ میں پہلے سمسٹر کا طالب علم20سالہ جنید رشید ولد عبد الرشید ساکن تملہ ہال سات روز قبل لالپتہ ہوا ہے۔
جنید کے والد عبد الرشید نے نیوز ایجنسی کے این او کو بتایا کہ وہ اپنے بڑے بیٹے ، جو ایک فوجی ہے، کی سگائی کی تیاریوں میں مصروف تھے اورجنید کوئی چیز لانے بازارگیا لیکن واپس نہیں لوٹا۔
انہوں نے کہا کہ جنید کا فون بھی بند آرہا ہے اور انہوں نے اپنے سبھی رشتہ داروں سے بھی اُس کے بارے میں پوچھا لیکن اس کا کہیں اتہ پتہ نہیں ملا۔انہوں نے مزید کہا کہ جنید کے لاپتہ ہونے کے بارے میں لاسی پورہ پولیس تھانے میں رپورٹ درج کرائی گئی ہے۔
جنید کے والدین نے اپنے بیٹے سے واپس لوٹنے کی اپیل کی ہے۔انہوں نے جنگجو تنظیموں سے بھی ان کے بیٹے کو واپس بھیجنے کی اپیل کی ہے ،اگر وہ اُن کے ساتھ ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ جنید کے لاپتہ ہونے کی تحقیقات کی جارہی ہے۔
حالیہ دنوں میںجنوبی کشمیر میں کسی فوجی اہلکار کے بھائی کے لاپتہ ہونے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل وانہ گنڈ ڈورو میں بھی ایک فوجی اہلکار کا بھائی لاپتہ ہوگیا۔انہوں نے بعد میں سوشل میڈیا کے ذریعے جنگجوﺅں کی صف میں شامل ہونے کا باضابطہ اعلان کیا۔