کولکاتہ//جنوبی بنگال میں مانسون کی پہلی بارش کے دوران کل شام سے اب تک مختلف حادثوں میں آٹھ افراد ہلاک ہوگئے ۔ دارجلنگ، سکم اور متصل بھوٹان میں ہوئی زوردار بارش سے شمالی بنگال کی ترائی اور دوار کی ندیوں میں طغیانی ہے ۔ سرکاری اطلاع کے مطابق کل شام سے بارش سے ہونے والے مختلف حادثوں میں کم از کم آٹھ افراد کی موت ہو گئی ہے ۔ پہلا واقعہ جنوبی کولکاتہ کے کدرپورے علاقے میں ہوا جہاں بجلی کا ایک کھمبا گرا ہوا تھا اورفینسی مارکیٹ میں گھٹنوں تک پانی بھر گیا تھا۔ اسی دوران وہاں پانی کے اندر سے گزرنے والے دو افراد بجلی کے کرنٹ کی زد میں آ گئے ۔کل رات تیز بارش کے دوران بردووان اور ہگلی اضلاع میں بجلی گرنے کے واقعات میں چھ افراد ہلاک ہوگئے ۔ جنوبی دم دم علاقے میں بجلی گرنے کے واقعات میں کئی گھروں میں بجلی کے قیمتی سامان تباہ ہوگئے ۔ محکمہ موسمیات کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وسطی کولکاتہ میں کل شام چھ سے سات بجے کے درمیان ایک گھنٹے میں 70 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔جنوبی بنگال پچھلے کچھ عرصے سے شدید گرمی کی لپیٹ میں تھا اور اس بارش سے لوگوں کو کافی راحت ملی ہے جس سے کم از کم درجہ حرارت 23.6 ڈگری سیلسیس رہ گیا ہے جو معمول سے تین ڈگری کم ہے ۔ سلی گوڑی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق ہمالیائی علاقوں میں ہوئی زوردار بارش سے وادی اور دوار علاقے کی کئی ندیوں میں طغیانی ہے ۔