نئی دلی// عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ اور ممبر اسمبلی لنگیٹ انجینئر رشید نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے حالیہ بیان کو انتہائی اہم اور حساس قرار دیتے ہوئے ہندوپاک کی قیادت سے اس بیان میں جنوبی ایشیاء کے لئے پنہاں خطرات کو بھانپ لینے کی اپیل کی ہے۔اس دوران سہ طلاق کے معاملے پر سپریم کورٹ کے فیصلے کو انہوں نے مداخلت فی الدین قرار دیا ہے۔امریکی صدر کی افغان پالیسی اور جنوب ایشیاء سے متعلق انکے نظریات و منصوبوں کی حالیہ وضاحت پر رد عمل کا اہا کرتے ہوئے انجینئر رشید نے کہا ہے کہ ٹڑمپ نے جہاں کئی خاص چیزوں کا اعتراف کیا ہے وہیں انہوں نے اہم انکشافات کرنے کے ساتھ ساتھ جنوب ایشیاء میں بننے والے حالات سے خبردار بھی کیا ہے۔انجینئر رشید نے کہا’’امریکی صدر کا یہ انکشاف کہ امریکہ افغانستان سے جانے کی جلدی میں نہیں ہے اپنے آپ میں اس بات کا اعتراف ہے کہ امریکہ کی سولہ سالہ فوجی مہم جوئی سے اسے کچھ حاصل نہیں ہو سکا ہے اور اسکے لئے مطلوبہ نتائج حاصل کرنا ممکن نہیں ہو سکا ہے‘‘۔انہوں نے کہا کہ جہاں ٹرمپ نے بھارت کے ساتھ ملکر چلنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے وہیں انہوں نے بھارت پاک کشیدگی کا تذکرہ کرکے ایک بدترین جنگ سے بھی خبردار کیا ہے۔