باندی پورہ+سرینگر//شمالی کشمیر رینج کے ڈی آئی جی سجیت کمار نے بانڈی پورہ جبکہ جنوبی کشمیر رینج اننت ناگ کے ڈی آئی جی عبدالجبار نے شوپیاں کا دورہ کرکے امن و قانون کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ سجیت کمار (آئی پی ایس) نے جمعرات کو ضلع بانڈی پورہ کا دورہ کر کے وہاں سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے علاوہ نوجوانوں اور افسران کے ساتھ بات چیت کی ۔انہوں نے ضلع پولیس لائن بانڈی پورہ میں منعقدہ دربار میں حصہ لیکر ضلع بانڈی پورہ کے پولیس آفیسران جن میں ایس ایس پی بانڈی پورہ محمد زاہد، ایڈیشنل ایس پی، ڈی ایس پی ہیڈکواٹر و تمام ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کے علاوہ ائی سی پی پی ایس کے ساتھ تفصیلی گفت و شنید کی ۔ انہوں نے ضلع پولیس ہیڈکوٹر لائن میں قائم قرنطینہ اور انڈورا سٹیڈیم کا بھی معائینہ کیا ۔انہوں نے بانڈی پورہ پولیس کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ضلع پولیس نے امن وامان کو برقرار رکھنے کیلئے کافی محنت اور لگن سے کام کیا ہے ۔انہوں نے پولیس کی کارکردگی کو سراہاتے ہوئے پولیس کی ستائش کی ۔ انہوں نے جوانوں اور آفیسروں کو میڈل بھی عطا کئے ہیں۔تقریب میں ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد بھی موجود تھے ۔ادھر عبد الجبار نے ضلع شوپیان کا دورہ کیا اور زیر صدارت افسران کی میٹنگ میں سیکورٹی صورتحال ، انسداد انتہا پسندی کی کارروائیوں اور سی او وی آئی ڈی سے نمٹنے کیلئے کئے جانے والے حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا۔ اس موقعہ پر ایس ایس پی شوپیاں امرت پال سنگھ نے ضلع کے سیکورٹی منظرنامے کے بارے میں ڈی آئی جی کو انسداد انتہا پسند مخالف کاروائیوں ، امن و امان کی بحالی ، منشیات کے خاتمے کیلئے اقدامات سمیت ضلع کی موجودہ صورتحال کے بارے میں مفصل جانکاری دی اور وبائی مرضCOVID-19پر قابو پانے کیلئے حکومت کی طرف سے جاری کردہ رہنما اصولوں پر عمل درآمد کیلئے کئے جارہے اقدامات کے بارے میں آگاہی دی۔ڈی آئی جی ایس کے آر نے ضلع شوپیاں کے مختلف پولیس اسٹیشنوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ امن کو یقینی بنانے کیلئے اپنے اپنے علاقوں کی سیکورٹی گرڈ کو مستحکم بنائیں اور ان کے منطقی انجام تک پہنچنے کیلئے پیشہ ورانہ انداز میں مقدمات کی فوری تحقیقات پر زور دیا۔آخر پر انہوں نے کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے اور ضلع میں امن وامان برقرار رکھنے میں شوپیان پولیس کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔