یواین آئی
لاہور/پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سلیکٹرز اور کوچز جنوبی افریقہ کے خلاف وائٹ بال سیریز کے لئے ٹیم میں ممکنہ تبدیلیوں پر غور کر رہے ہیں، جس میں تین سے چار کھلاڑیوں کی شمولیت یا تبدیلی متوقع ہے ، تاہم بابراعظم کی واپسی کا امکان ابھی کم نظر آ رہا ہے ۔تفصیلات کے مطابق ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان کی سلیکشن کمیٹی اس وقت جنوبی افریقہ کے خلاف وائٹ بال سیریز کے لیے مشاورت کررہی ہے ۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ ایشیاکپ 2025میں ٹیم کی پرفارمنس کے بعد سلیکٹرز، کوچ اور کپتان نے سرجوڑ لیے جب کہ ٹی20 کپتان سلمان علی آغا کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق وائٹ بال اسکواڈ میں بہت زیادہ تبدیلیاں متوقع نہیں، البتہ ٹی20 اسکواڈ میں 3 سے 4 تبدیلیاں کی جائیں گی لیکن بابراعظم کی واپسی کا اب بھی کوئی امکان دکھائی نہیں دے رہا۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ ٹی20اسکواڈ میں سینیئر کھلاڑیوں کی واپسی اور نئے کھلاڑیوں کی شمولیت پر بھی بات چیت کی جائے گی۔ اسی طرح، ون ڈے اسکواڈ میں بھی چند تبدیلیاں متوقع ہیں، اسکواڈز میں تبدیلیوں کے حوالے سے حتمی فیصلہ نہیں ہوسکا۔ واضح رہے کہ پاکستان جنوبی افریقہ کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کھیلنے کے بعد 3 ٹی20 اور اتنے ہی ون ڈے انٹرنیشنل میچز کی سیریز کھیلے گا۔