بلال فرقانی
سرینگر// پائین شہر کے جنرل باغ کاٹھی دروازہ میں سڑک دھنسنے سے مقامی لوگوں میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہوا ہے ۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ جنرل باغ علاقے میں گزشتہ روز سے اندرون سڑک دھنس رہی ہے اور دن بہ دن اس میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال کے نتیجے میں مکینوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ انہیں خدشہ ہے کہ کوئی بڑا حادثہ پیش نہ آئے اور لوگوں کی جان خطرے میں نہ پڑے۔ انہوں نے کہا کہ اگر سڑک میں پڑے شگاف اور دھنسنے کا سلسلہ جاری رہا تو برلب سڑک پر واقع مکانوں اور دیگر ڈھانچوں کو بھی خطرات لاحق ہے۔ عرفان احمد خان نے بتایا کہ سڑک بچوں کو اسکول لے جانے والی گاڑیاں استعمال کرتی ہے اور اگر اس سڑک کی مرمت نہ کی جائے تو یہ آنے والے وقت میں مزید دھنس سکتی ہے۔ انہوں نے سرینگر میونسپل کارپوریشن کے افسراں کی نوٹس میں بھی یہ معاملہ لایا تاہم انہوں نے محکمہ تعمیرات عامہ سے رابطہ قائم کرنے کی صلاح دی۔ اس سڑک پر معروف سیاحتی باغ بادام واری بھی واقع ہے جبکہ نفسیاتی مریضوں کے اسپتال کی طرف بھی یہی سڑک جاتی ہے۔ ہاتھی خان،ممہ خان،بادام واری،پکھری بل،نفسیاتی مریضوں کا اسپتال،پولٹری دفتر سے رابطے کیلئے بھی یہی سڑک استعمال میں لائی جاتی ہے۔مکینوں نے فوری طور پر اس سڑک کی مرمت کا مطالبہ کیا ہے۔