بلال فرقانی
سرینگر// کشمیری سیاحت کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ٹریول ایجنٹس فیڈریشن آف انڈیا نے ہفتہ کو اعلان کیا کہ کشمیر نہ صرف محفوظ ہے بلکہ سیاحوں کے استقبال کیلئے پوری طرح تیار ہے۔ کشمیر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران ٹی اے ایف آئی کے قومی صدر اجے پرکاش نے کہا کہ ان کی تنظیم کے 12 چپٹروں کے سربراہان اور کمیٹیاں اس وقت وادی کے دورے پر ہیں تاکہ ملک بھر میں یہ پیغام دیا جا سکے کہ کشمیر کھلا ہوا ہے اور یہاں سیاحت محفوظ ہے۔ انہوں نے کہا’’ہمارا مقصد یہاں آکر کشمیری عوام اور سیاحتی شعبے کے ساتھ اپنی بھرپور حمایت کا اعلان کرنا ہے۔ کشمیر سیاحت کی بنیاد پر زندہ ہے، اور اس جیسا خوبصورت مقام پورے ملک میں کہیں نہیں۔‘‘اجے پرکاش نے کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد اگرچہ خوف کی فضا پیدا ہوئی تھی، لیکن اب وقت ہے کہ اس تاثر کو بدلا جائے۔ان کا کہنا تھا ’’ہم یہاں موجود ہیں، ہم نے صورتحال کا مشاہدہ کیا ہے، اور اب اپنے چپٹروں، ایجنٹوں اور صارفین کے ذریعے یہ پیغام ہر کونے تک پہنچائیں گے کہ کشمیر ایک محفوظ، خوبصورت اور مہمان نواز مقام ہے۔‘‘انہوں نے مزید کہا کہ فیڈریشن ہوائی کمپنیوں اور ہوٹلوں کے ساتھ بات چیت کر رہی ہے تاکہ کرایے اور قیام کے نرخ مناسب رکھے جائیں، تاکہ زیادہ سے زیادہ سیاح وادی کا رخ کر سکیں۔ انہوں نے کہا’’کشمیر چند روز قبل تک سیاحتی عروج پر تھا، اور اسے دوبارہ اس مقام پر لانے کے لیے ایئر لائنز، ہوٹل مالکان، اور ملک بھر کے ٹور آپریٹرز کو تعاون کرنا ہوگا۔‘‘ٹی اے ایف آئی نے اس موقع پر ایک اہم علامتی اقدام کا بھی اعلان کیا۔ تنظیم نے فیصلہ کیا ہے کہ اس کے تمام ممبران اپنی ای میل دستخط میں ’’جموں کشمیر ٹورزم‘‘ کا لوگو اور نعرے ’دل سے کشمیر‘ اور ’جنت پھر کھل گئی ہے‘ شامل کریں گے، تاکہ کشمیر کے ساتھ عملی حمایت کا مظاہرہ کیا جا سکے۔اجے پرکاش نے ان عناصر کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا جو ’بائیکاٹ کشمیر‘ جیسے بیانات دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا’’ایسا کہنا نہایت نادانی ہے۔ ہم یہاں یہی پیغام دینے آئے ہیں کہ ہم کشمیر کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں، اور جہاں تک ممکن ہو، ہم آپ کی حمایت جاری رکھیں گے۔ ‘‘