محمد علی جناح کی تصویر کو لے کر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں ہنگامہ اور تشدد کے خلاف جمعہ کو یونیورسٹی کے طلبہ نے شدید احتجاج کیا ہے۔ اس واقعہ کے بعد جہاں ایک طرف اے ایم یو اولڈ بوائز ایسوسی ایشن اور اے ایم یو کورٹ ممبران سمیت سبھی افراد موجودہ حالات پر افسوس کا اظہار کررہے ہیں وہیں طلبہ بھی سراپا احتجاج ہیں۔ ادھر جمعہ کو ضلع افسران نے چار اور پانچ مئی تک شہر میں انٹرنیٹ خدمات بند کرنے کا فرمان جاری کیا ہے۔ڈی ایم چندر بھوشن نے دفعہ 144 کے تحت انٹرنیٹ خدمات کو بند کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔حکم کے مطابق جمعہ کی دوپہر دو بجے سے ہفتہ کی آدھی رات تک شہر میں موبائل انٹرنیٹ سرو سز بند رہیں گی۔ساتھ ہی لوپ لائن اور لیز لائن بھی ٹھپ رہے گی۔