مظفرآباد// تحریک المجاہدین کے امیر شیخ جمیل الرحمان نے فورسز کے ہاتھوں طاقت استعمال کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیریوں کی نسل کشی بھارتی جمہوریت پر سیاہ دھبہ ہے۔اپنے ایک بیان میںشیخ جمیل نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ انسانیت کے خلاف ان جرائم کا نوٹس لیا جائے۔ شہری ہلاکتوں پر اپنے ردعمل میں انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام بھارت کی اس ظالمانہ پالیسی کی وجہ سے ہی بھارت سے نفرت کرتے ہیںاور اس نفرت میں وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اضافہ ہو رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری ان انتخابات کو مسترد کرتے ہیں۔ جمیل الرحمان نے کہا کہ کشمیر ی عوام اسلئے انتخابات کا بائیکاٹ کرتے ہیں کیونکہ بھارت ان انتخابات کو دنیا کے سامنے پروپگنڈہ کے لئے پیش کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ الیکشن اقوام متحدہ کے زیر اہتمام رائے شماری کا متبادل نہیں بلکہ کشمیریوں کے خلاف ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ کشمیر میں قتل عام کے لئے بھارت کو جواز چاہئے۔ وہ کسی جواز کے بغیر بھی جب چاہے کشمیریوں کی نسل کشی کرتے ہیں لیکن وقت آ گیا ہے کہ عالمی ادارے معصوم کشمیریوں کے قتل عام کا نوٹس لیں۔ بیان میں کشمیری عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بھارت کو کشمیریوں پر مسلط کرنے والوں سے خبردار رہیں۔