بانہال // منگل کی دوپہر سے وقفے وقفے سے ہورہی بارشوں کی وجہ سے گذشتہ رات ٹریفک کیلئے بند ہوئی جموں سرینگر شاہراہ پر ٹریفک کو بدھ کی دوپہر دو بارہ بحال کیا گیا ہے اور جموں سے وادی کشمیر کی طرف ٹریفک کو چلنے کی اجازت دی گئی۔ اگرچہ رام بن اور ادہمپور کے درمیان رکا ٹریفک بحال کیا گیا تاہم ادہمپور کے نزدیک ٹریفک کئی گھنٹوں کے ٹریفک جام میں پھنس گیا اور گاڑیاں سست رفتاری کے ساتھ ہی آگے بڑھیں۔ جموں سرینگر شاہراہ پر واقع بانہال، رام بن اور ادہمپور میں منگل سے شدید بارشوں کا سلسلہ آج بھی وقفے وقفے سے تیز بارشوں اور ژالہ باری کے ساتھ جاری رہا جس کی وجہ سے کئی مقامات پر شاہراہ پسیوں اور پتھروں کی زد میں آگئی اور ٹریفک حکام کو جموں سے وادی کشمیر آنے والے ٹریفک کو شاہراہ پر نگروٹہ ، ادہمپور ، منوال اور مجالٹہ کے علاقوں میں روک دینا پڑا۔ ٹریفک پولیس ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بارشوں کی وجہ سے رامسو ، پنتھیال ، ماروگ اور کیلا موڑ کے علاقوں میں پسیوں اور پتھروں کے گر انے سے شاہراہ منگل کی رات سے ہی سے بند ہوگئی تھی اور بدھ کی صبح سے جموں سے سرینگر آنے والے ٹریفک کو مختلف مقامات پر روک دیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہ پر گر آئی پسیوں کو فورلین شاہراہ کی تعمیراتی کمپنی ہندوستان کنسٹریکشن کمپنی کی طرف سے صاف کرکے اسے بْدھ کی دوپہر قابل آمدورفت بنایا گیا اور بارہ بجے بعد رام بن اور چندرکوٹ میں روکے گئے ٹریفک کو بحال کیا گیا۔