عظمیٰ نیوز سروس
جموں//مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری وزارتِ ٹیکسٹائل اور ڈائریکٹر جنرل این آئی ایف ٹی روہت کنسل اور سیکرٹری صنعت و حرفت محکمہ سمیتا سیٹھی نے کل جے ایل این اُدھیوگ بھون جموں میں جموں خطہ کے ہینڈی کرافٹس اور ہینڈ لوم مصنوعات کے پیکیجنگ پروٹوٹائپس اور کرافٹ دستاویز کی نقاب کشائی کی تقریب میں شرکت کی۔اِس تقریب کا اِنعقاد کمشنر سیکرٹری صنعت و حرفت وِکرم جیت سنگھ کی رہنمائی میں کیا گیا ہے۔
ڈائریکٹر نیشنل اِنسٹی چیوٹ آف فیشن ٹیکنالوجی سری نگر ڈاکٹر جاوید احمد وانی نے جموں ، سانبہ اور کٹھوعہ اَضلاع کے دستکاروں او ربُنکروں کو ایک تفصیلی جامع پرزنٹیشن کے ذریعے پیکیجنگ پروجیکٹ سے آگاہ کیا۔اِس موقعہ پر ڈائریکٹر ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈلوم جموں ڈاکٹر وِکاس گپتا ، ایم ڈی جے کے ٹی پی او خالد جہانگیر اور محکمہ صحت و حرفت کے اَفسران اور دیگر متعلقین موجو دتھے۔تقریب کا ایک اور اہم پہلو معززین کے ذریعے صوبہ جموں کے دستکا ریوں کی نمائش کرنے والے دستکاری دستاویز کی نقاب کشائی تھی۔
اِس تقریب کا مقصد صوبہ جموں کی ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈ لوم اشیاء جیسے بسوہلی مصوری ، بسوہلی پشمینہ ، پھول کاری مصنوعات ، کیلیکوپرنٹنگ اور لیتھ کم لیکیور کی برانڈنگ کے لئے ایک سٹریٹجک اور پُر کشش پیکیجنگ ڈیزائن سلوشن تیار کرنا تھا۔ یہ پروجیکٹ جموں کاٹیج اِنڈسٹری کے نوادرات کی قدر میں اِضافہ کرنے کے لئے منفرد اور دیرپا پیکیجنگ بنانے کے لئے ایک روڈ میپ تیار کرنے کا تصور کرتا ہے، بین الاقوامی معیارات کے ساتھ ایک بینچ مارک بنانے کے لیے ایک منفرد پیکیجنگ پرزنٹیشن دینے کے لئے اور منتخب جموں ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈ لوم کے منفرد سیلنگ پوائنٹ کا تعین کرتا ہے۔ صوبہ جموں کے کاریگر اور بْنکر اپنے ہاتھ سے تیار کردہ مصنوعات کے لئے ایسی مناسب پیکیجنگ فراہم کرنے کے لئے ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈلوم محکمہ کا شکر گزار ہے۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے روہت کنسل نے ڈائریکٹوریٹ آف ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈلوم جموں اور این آئی ایف ٹی سری نگر کی کاوشوں کو سراہا۔