یو این آئی
جموں// جموں کے لوگ تقریباً تین دہائیوں سے زیادہ وقفہ کے بعد آنے والے لیجنڈ لیگ کرکٹ سیزن میں میدان میں کرکٹ کھلاڑیوں کی کارکردگی کا مظاہر دیکھنے کے لیے تیار ہیں ، جس کا انعقاد ہندوستان کے پانچ شہروں میں ہونے جارہا ہے ۔لیجنڈز لیگ کرکٹ میچوں میں سے تین میچ جموں کے مولانا آزاد اسٹیڈیم میں منعقد ہوں گے۔لیجنڈز لیگ کرکٹ حکام کی طرف سے یہاں موصول ہونے والے اعلان کے مطابق لیگ کے آئندہ سیزن کا اعلان کیا گیا ہے جو ہندوستان کے پانچ شہروں بشمول جموں، رانچی، دہرادون، ویژاگ اور سورت میں کھیلا جانا ہے۔اعلان کے مطابق ’’ لیجنڈز لیگ کرکٹ کے فرنچائز ایڈیشن کے دوسرے سیزن میں 19 میچ ہوں گے جو 18 نومبر سے 9 دسمبر تک جاری رہیں گے ۔تین میچ مولانا آزاد اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے جو 1966 میں قائم کیا گیا تھا اور یہ دریائے توی کے کنارے واقع ہے جس میں 20000 شائقین کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔
اس اسٹیڈیم میں آخری بین الاقوامی میچ 19 دسمبر 1988 کو ہندستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہوا تھا۔ یہ اسٹیڈیم جموں و کشمیر کرکٹ ٹیم کے لیے ہوم گراؤنڈ بھی ہے ۔جموں کے علاوہ، لیجنڈز لیگ کرکٹ کے میچ چار دیگر مقامات پر بھی کھیلے جائیں جن میں پہلے پانچ میچوں کی میزبانی رانچی کرے گا ۔اعلان میں کہا گیا ہے کہ دہرادون کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں تین میچ ہونگے اور اس کے بعد ویژاگ لیگ مرحلے کے باقی تین میچوں کی میزبانی کرے گا۔اعلان کے مطابق لیجنڈز لیگ کرکٹ سیزن 2 کے آخری مرحلے کے میچ سورت کے لال بھائی کنٹریکٹر اسٹیڈیم میں ہونگے ۔اعلان میں کہاگیاہے کہ ’’ لیجنڈز لیگ کرکٹ نے ان مقامات کا انتخاب ان شہروں میں شائقین کو ایسے تجربے کا احساس دلانے کی کوشش کے تحت کیا ہے جو انھوں نے اس سے پہلے کبھی نہیں کیا جس میں 100 سے زائد بین الاقوامی کرکٹرز کھیلیں گے‘‘۔اس میں مزید کہا گیا کہ جہاں گزشتہ سیزن میں ٹیموں نے ملک کے بڑے اسٹیڈیم بشمول کولکاتہ کے ایڈن گارڈنز، اور دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں 15 میچوں میں حصہ لیا تھا، اس سیزن میں پانچ مقامات پر 19 میچ ہوں گے۔ ایل ایل سی سیزن 2 نے وعدہ کیاہے کہ یہ ہر لحاظ سے بڑا اور بہتر ہوگا۔اعلان کے مطابق لیجنڈز لیگ کرکٹ کے شریک بانی اور سی ای او رمن راہیجا نے کہا، ’’مجھے یہ کہتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ لیجنڈز لیگ کرکٹ آئندہ سیزن کے لیے جموں شہر میں اپنی موجودگی کا احساس دلانے کی تیاری کررہی ہے ۔ جموں کا یہ اقدام کرکٹ کو ملک کے کونے کونے تک لے جانے کا ہمارا عزم ہے، اور یہ ہمارے لیے خاص ہے ۔