سرینگر //سرینگر میں کافی تعداد میں لوگوں اور کئی وفود نے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے ساتھ ملاقات کی اس دوران انہوں نے اپنے اپنے مشکلات وزیر اعلیٰ کی نوٹس میں لائے اور اُن کے حل کیلئے وزیر اعلیٰ کی مداخلت طلب کی ۔ اودھمپور ، اکھنور اور بلاور سے تعلق رکھنے والے وفود نے ترقیاتی سرگرمیوں میں سرعت لانے اور اپنے اپنے علاقوں کو ریاست کے سیاحتی نقشے پر لانے کی وکالت کی ۔ کنزر اور ٹنگمرگ کے ایک وفد نے زنڈ باغ میں حضرت سید صاحب ؒ کی زیارت تک ایک سڑک تعمیر کرنے اور لال پورہ میں لفٹ ایری گیشن سکیم قایم کرنے کا مطالبہ کیا ۔ شانگس سے تعلق رکھنے والے ایک وفد نے التوا میں پڑی علاقائی واٹر سپلائی سکیم کو مکمل کرنے اور مقامی ہسپتال کو عملے اور مشینری سے لیس کرنے کا مطالبہ کیا ۔ وادی سے تعلق رکھنے والے ہوٹل مالکان کے ایک وفد نے نیشنل میڈیا کے ایک سیکشن میں کشمیر سے متعلق منفی مہم چلانے کا معاملہ ابھارا ۔ انہوں نے پچھلے سال کے نامساعد حالات کے چلتے اُن کے قرضوں میں ایک سال کا ماریٹوریم دلانے کیلئے وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا ۔ وفد نے سیاحتی سیکٹر کو مراعات کے اعتبار سے دیگر صنعتوں کے ہمپلہ بنانے کا بھی مطالبہ کیا ۔ ایم ایل ترال مشتاق احمد شاہ نے اپنے حلقے کے ترقیاتی مسائل حل کرانے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کو حالیہ امن و قانون کی صورتحال کے دوران نقصان ہوا ہے انہیں بھر پور معاوضہ دیا جانا چاہئیے ۔ پی ڈی ڈی ، پی ڈی سی اور محکمہ جنگلات کے ڈیلی ویجروں اور کنٹریکچول ملازمین کے وفود نے بھی وزیر اعلیٰ کے ساتھ ملاقات کی اور اپنی نوکریوں کو باقاعدہ بنانے کا معاملہ ابھارا ۔ اچھہ بل اور اننت ناگ کے ایک وفد نے اُن کے علاقوں میں سڑکوں کو بڑھاوا دینے اور اُن پر تار کول بچھانے کیلئے وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے مقامی علاقے کو ریاست کے سیاحتی نقشے پر لانے اور مقامی ہسپتال کو وسعت دینے کا بھی مطالبہ کیا ۔ بانہال سے تعلق رکھنے والے وفد نے لمبر گاؤں میں کھیل کا میدان قایم کرنے ، حضرت پیر دستگیر صاحب کی زیارت کو مذہبی سیاحت کے دائرے میں لانے اور مقامی ہسپتال کو جدید مشینری اور معقول عملے سے لیس کرنے کا بھی مطالبہ کیا ۔ کمپنی سیکرٹریز کے ایک وفد نے ریاست میں بڑی کمپنیوں کی طرف سے لازمی طور پر کمپنی سیکرٹریز تعینات کرنے کیلئے ایک قانون وجح کرنے کا مطالبہ کیا ۔ کشمیری پنڈتوں کا ایک وفد بھی وزیر اعلیٰ سے ملاقی ہوا اور انہیں میلہ کھیر بھوانی کے سلسلے میں کئے جا رہے انتظامات کے بارے میں انہیں جانکاری ۔ وزیر اعلیٰ نے وفد سے کہا کہ تول مولہ میں میلے میں شرکت کرنے والے شردھالوں کی سہولت کیلئے ضلع انتظامیہ نے ہر طرح کے انتظامات مکمل کئے ہیں ۔ ترتک سے تعلق رکھنے والے ایک وفد نے مقامی خانقاہ کی تجدید نو ، ایک ماڈل ولیج قایم کرنا اور علاقے میں سڑک رابطوں کو بڑھاوا دئیے جانے کا معاملہ اجاگر کیا ۔ سکالروں کے ایک وفد نے مڈل اور ہائی سکولوں خاص طور سے رمسا اور روسا کے تحت شروع کئے گئے نئے تعلیمی اداروں میں کشمیری زبان پڑھانے کا مطالبہ کیا ۔ ناگ بل وچی ، تاجر انجمنوں ، قمر واری اور ریشی بازار اننت ناگ کے وفود نے بھی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے ساتھ ملاقات کی اور اپنے اپنے مسائل حل کرانے کا مطالبہ کیا ۔ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے لوگوں کے مسائل غور سے سُنے اور یقین دلایا کہ ان پر مناسب کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔